Jun ۱۹, ۲۰۲۳ ۱۶:۲۵ Asia/Tehran
  • ہندوستان میں گرمی کا قہر اور ہونے والی اموات

ہندوستان میں گرمی کی شدت سے تقریبا سو افراد کی ہلاکت کی خبر ہے۔

سحرنیوز/ہندوستان: ہندوستانی میڈیا رپورٹوں میں بتایا گیا ہے کہ گرم لہر سے مرنے والوں میں چون کا تعلق ریاست اترپردیش سے اور بیالیس کا تعلق بہار سے ہے۔
ہندوستان میں تازہ گرمی کی لہر سے مرنے والوں کی عمریں ساٹھ برس اور اس سے زائد بتائی گئی ہیں۔
ہندوستان کے محکمہ صحت نے ساٹھ برس اور اس سے زائد عمر کے لوگوں کو ہدایت کی ہے کہ وہ دن میں گھروں سے باہر نہ نکلیں۔
ایک اور رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ ریاست اترپردیش کے بلیا ضلع کے ایک اسپتال میں اچانک اموات میں اضافہ ہوگیا۔
اس رپورٹ کے مطابق ہلاک ہونے والے مریضوں کو تیز بخار اور سانس لینے میں تکلیف پر اسپتال لایا گیا تھا۔ تین دن میں اس اسپتال میں چون افراد لقمہ اجل بن چکے ہیں۔
اسپتال کے ذرائع نے بتایا ہے کہ گزشتہ تین دنوں میں، سانس کی تکلیف اور تیز بخار میں مبتلا چار سو سے زائد افراد اسپتال میں داخل کرائے گئے ہیں۔
اسپتال کے ڈاکٹر ان سبھی افراد کو گرم لہر کا شکار بتاتے ہیں لیکن ریاست میں اموات کی تحقیقات کے لئے تشکیل دی جانے والی میڈیکل ٹیم کا کہنا ہے کہ بلیا کے اسپتال میں مرنے والوں کی ہلاکت کی وجہ گرم لہر نہیں بلکہ پانی کی آلودگی ہوسکتی ہے کیونکہ اس سے ملحقہ دیگر اضلاع میں یہ صورتحال نہیں ہے۔

ٹیگس