Jul ۰۸, ۲۰۲۳ ۱۴:۲۲ Asia/Tehran
  • ہندوستان: منی پور کے حالات کشمیر اور پنجاب سے بھی زیادہ خراب، منی پور کے سابق گورنر

ہندوستان کی فساد زدہ ریاست منی پور کے بارے میں ریاست کے سابق گورنر گوربچن جگت نے کہا ہے کہ منی پور کے حالات جموں و کشمیر اور پنجاب سے بھی زیادہ خراب ہیں۔

سحر نیوز/ ہندوستان: ہندوستان کی فساد زدہ شمال مشرقی ریاست منی پور کے بارے میں اس ریاست کے سابق گورنر گوربچن جگت نے اپنے ایک تازہ مضمون میں لکھا ہے کہ منی پور کے حالات جموں و کشمیر اور پنجاب سے بھی زیادہ خراب ہیں۔ گوربچن جگت کا یہ مضمون جالندھر اور ہندوستان کے کئی دیگر شہروں سے شائع ہونے والے انگریزی اخبار روزنامہ "ٹریبیون" میں چھپا ہے۔

ہندوستانی میڈیا رپورٹوں کے مطابق منی پور کے سابق گورنر نے کہا کہ منی پور کی صورت حال جموں و کشمیر اور پنجاب جیسی ریاستوں میں مشاہدہ کئے گئے تنازعات کے عروج کے دور سے بھی زیادہ بدتر ہے۔ انہوں نے لکھا ہے کہ پوری ریاست میں پولیس اسٹیشنوں اور پولیس اسلحہ خانوں پر حملہ ہوا اور ہزاروں آتشیں ہتھیار نیز بھاری مقدار میں گولہ بارود لوٹ لیا گیا، ایسا جموں و کشمیر، پنجاب، دہلی اور گجرات میں بدترین وقت میں بھی نہیں ہوا۔ 

اطلاعات کے مطابق گوربچن جگت نے، جو پنجاب اور جموں و کشمیر میں ایک اعلیٰ پولیس افسر کی حیثیت سے خدمات انجام دے چکے ہیں، مزید لکھا ہے کہ چوری شدہ اسلحہ ریاست کی سیکورٹی فورسز کے لئے ایک چیلنج بنا رہے گا۔ انہوں نے ریاست میں قائم کئے گئے مہاجر کیمپوں کی حالت پر سوال اٹھاتے ہوئے پوچھا کہ کیا ایسی ریاست جو اپنے تھانوں کی حفاظت نہیں کر سکتی، اس سے ’معیاری پناہ گاہیں‘ فراہم کرنے کی توقع کی جا سکتی ہے اور یہ کہ کیا وہ ان کیمپوں کی سرگرمیوں کی نگرانی کرنے کے قابل ہے؟"

واضح رہے کہ ریاست منی پور میں 3 مئی سے شروع ہونے والے فسادات میں  100 سے زیادہ افراد ہلاک ہوچکے ہیں، بہت سے لوگ زخمی ہوئے ہیں اور ہزاروں مکانات کو جلا دیا گیا ہے جس کے نتیجے میں لوگوں کی روزی روٹی کو بہت زیادہ نقصان پہنچا ہے۔ ذرائع ابلاغ کی رپورٹوں سے پتہ چلتا ہے کہ بہت سے لوگوں نے نہ صرف اپنے خاندان کے افراد کو کھو دیا ہے بلکہ اپنے گھروں، مویشیوں اور ذریعہ معاش سے بھی محروم ہوگئے ہیں۔

 

ٹیگس