Jul ۰۹, ۲۰۲۳ ۱۰:۲۲ Asia/Tehran
  • دہلی میں موسلادھار بارش نے توڑا 20 سالہ ریکارڈ، یلو الرٹ جاری

ہندوستان کے دارالحکومت دہلی میں بارش نے 20 سالہ ریکارڈ توڑ دیا جس کے بعد محکمۂ موسمیات نے یلو الرٹ جاری کیا۔

سحر نیوز/ہندوستان: ہندوستانی میڈیا کے مطابق ہفتہ کو دہلی میں مونسون کے موسم کی پہلی موسلادھار بارش نے 20 سال کا ریکارڈ توڑ دیا۔ موسلا دھار بارش کی وجہ سے دہلی کے کئی علاقوں میں پانی بھر گیا، درخت اکھڑ گئے، گاڑیوں کو نقصان پہنچا اور ٹریفک جام ہو گیا۔

سنیچر کی صبح سے ہونے والی بارش کے باعث وسطی دہلی کے کناٹ پلیس میں کئی دکانیں پانی میں ڈوب گئیں، جبکہ دیگر کئی بازاروں میں پانی بھر جانے کی وجہ سے تاجروں اور لوگوں کو پریشانی کا سامنا کرنا پڑا۔

محکمۂ موسمیات کے مطابق دہلی کے مرکزی موسمی ادارے صفدرجنگ آبزرویٹری میں صبح 8.30 بجے سے شام 5.30 بجے تک 126.1 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی۔ بارش کے یہ اعداد و شمار 10 جولائی 2003 کے بعد سب سے زیادہ ہے اور پھر 24 گھنٹوں کے دوران 133.4 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی۔

ستمبر کے مہینے میں دہلی میں ہونے والے جی-20 اجلاسں سے پہلے بارش سے پیدا ہونے والی صورتحال نے مختلف شہری اداروں کی تیاریوں پر سنجیدہ سوال اٹھا دئے تھے۔

ٹیگس