بی جی پی حکومت پر راہل گاندھی کی کڑی نکتہ چینی
کانگریس کے سابق صدر راہل گاندھی نے حکومت پر مدھیہ پردیش میں پٹواریوں (محکمہ محصولات کے ملازمین) کی بھرتی میں دھاندلی کا الزام لگایا ہے۔
سحر نیوز/ ھندوستان : کانگریس کے سابق صدر راہل گاندھی نے اس ملک کی ریاست مدھیہ پردیش میں اس کے خلاف ہونے والے احتجاج کی ایک ویڈیو شیئر کرتے ہوئے لکھا کہ مدھیہ پردیش میں بی جے پی نے صرف نوجوانوں سے چوری کی ہے جو ریاست کے لاکھوں نوجوانوں کے مستقبل کو داو پر لگانے کے مترادف ہے۔
راہل گاندھی نے الزام عائد کیا کہ پہلے، بی جے پی نے عوام کی منتخب حکومت کو چرایا، اب وہ طلبا سے ان کے حقوق اور نوجوانوں سے روزگار چھین رہی ہے۔
دریں اثنا، کانگریس کے جنرل سکریٹری جے رام رمیش نے ٹوئٹ کیا کہ مدھیہ پردیش میں بی جے پی کے دور حکومت میں یکے بعد دیگرے اسکینڈل ہوئے اور اب بھی ہو رہے ہیں۔ پٹواری امتحانی اسکینڈل تازہ ترین معاملہ ہے۔ کیا ہر جلسے میں بدعنوانی پر لیکچر دینے والے وزیراعظم نریندر مودی، نوجوانوں کے مستقبل سے کھیلنے والی اس دھاندلی کی تحقیقات کرائیں گے؟
مدھیہ پردیش کی اہم اپوزیشن پارٹی کانگریس نے الزام لگایا ہے کہ پٹواریوں کی بھرتی میں بڑے پیمانے پر دھاندلی ہوئی ہے اور گوالیار کے ایک پرائیویٹ کالج میں قائم ایک مرکز میں بھرتی کے امتحان میں سرفہرست 10 منتخب امیدواروں میں سے 7 نے شرکت کی۔ کانگریس کا دعویٰ ہے کہ کالج کو حکمراں بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) کا ایک ایم ایل اے چلاتا ہے۔ تاہم برسراقتدار بی جے پی نے اس بھرتی امتحان میں کسی قسم کی بے ضابطگیوں سے انکار کیا ہے۔