دہلی میں سیلاب سے افراتفری: آئی ٹی او، سپریم کورٹ اورلال قلعہ تک پہنچا پانی
ہندوستان کے دارالحکومت دہلی میں جمنا ندی خطرے کے نشان سے اوپر بہہ رہی ہے اور دہلی کی سڑکیں زیر آب آگئی ہیں۔ سیلابی پانی رہائشی علاقوں سے وی وی آئی پی علاقوں میں داخل ہوگیا ہے۔ وزیراعلیٰ کی رہائش گاہ، وزراء کی رہائش گاہیں اور سیکرٹریٹ بھی سیلابی پانی کی زد میں آچکا ہے-
سحر نیوز / ہندوستان : دہلی میں جمنا ندی کے پانی کی سطح بڑھنے کی وجہ سے کئی علاقوں میں حالات خراب ہو گئے ہیں۔ سیلابی پانی رہائشی علاقوں سے وی وی آئی پی علاقوں میں داخل ہوگیا ہے۔ وزیراعلیٰ کی رہائش گاہ، وزراء کی رہائش گاہیں اور سیکرٹریٹ بھی سیلابی پانی کی زد میں آچکا ہے۔سیلابی پانی راج گھاٹ میں داخل ہوگیا ہے جو مقبرے تک پہنچ گیا ہے۔ ساتھ ہی سڑکوں پر پانی جمع ہونے سے ٹریفک بری طرح متاثر ہو رہی ہے۔ ہریانہ کے ہتھینی بیراج سے چھوڑے جانے والے پانی اور گذشتہ کچھ دنوں میں ہونے والی موسلا دھار بارش کی وجہ سے دریائے جمنا کے پانی کی سطح خطرے کے نشان سے اوپر پہنچ گئی ہے۔
دوسری جانب وزیر اعلی اروند کیجریوال نے کہا ہے کہ جمنا کے پانی کی بڑھتی ہوئی سطح کو دیکھتے ہوئے اتوار تک اسکول، کالج اور یونیورسٹیوں کو بند رکھنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ نیز ضروری خدمات فراہم کرنے والے تمام سرکاری دفاتر کو چھوڑ کر باقی تمام سرکاری دفاتر اتوار تک گھر سے کام کریں گے۔ انہوں نے نجی دفاتر کو اتوار تک گھر سے کام کرنے کا مشورہ دیا ہے۔
دریں اثنا، دہلی کے وزیر ٹرانسپورٹ کیلاش گہلوت نے کہا کہ جمنا ندی کے بڑھتے ہوئے پانی کی سطح کو دیکھتے ہوئے احتیاطی اقدام کے طور پر، ریاستی حکومت نے شہر کی چاروں سرحدوں سے ضروری سامان لے جانے والی گاڑیوں کے علاوہ بھاری سامان کی گاڑیوں کے داخلے پر پابندی لگا دی ہے۔ جس میں سندھو بارڈر بھی شامل ہے۔
دوسری طرف جمنا کے پانی کی سطح بڑھنے سے دارالحکومت آنے اور جانے والی 342 ٹرینیں بھی متاثر ہوئی ہیں۔ ان میں سے تقریباً 140 ٹرینیں منسوخ کر دی گئی ہیں۔ اس کے علاوہ ڈی ایم آر سی نے یمنا بینک میٹرو اسٹیشن پر داخلے پر پابندی لگا دی ہے۔
وزیر اعلی اروند کیجریوال نے لوگوں سے ایک دوسرے کی مدد کرنے کی اپیل کی ہے۔ ادھر کئی مقامات سے خبریں آرہی ہیں کہ جمنا کا پانی نشیبی علاقوں میں داخل ہونے کی وجہ سے پینے کے پانی کی بھی قلت پیدا ہوگئی ہے۔ سی ایم کیجریوال نے ٹوئٹ کیا کہ جمنا میں پانی کی سطح بڑھنے کی وجہ سے وزیرآباد، چندروال اور اوکھلا واٹر ٹریٹمنٹ پلانٹ کو بند کرنا پڑ رہا ہے۔ اس کی وجہ سے دہلی کے کچھ علاقوں میں پانی کا مسئلہ ہو سکتا ہے۔ جیسے ہی جمنا کا پانی کم ہو جائے گا انہیں جلد از جلد شروع کرنے کی کوشش کریں گے۔