Jul ۱۸, ۲۰۲۳ ۱۳:۳۱ Asia/Tehran
  • راہل گاندھی سپریم کورٹ پہنچ گئے، سزا کے خلاف درخواست کی سماعت 21 جولائی کو

سپریم کورٹ آف انڈیا نے منگل کو مودی سرنام پر تبصرہ کے معاملہ میں کانگریس لیڈر راہل گاندھی کی طرف سے دائر کی گئی عرضی پر جمعہ (21 جولائی) کو سماعت کرنے پر رضامندی ظاہر کی ۔

سحر نیوز/ ہندوستان: کانگریسی رہنما راہل گاندھی نے اس درخواست میں گجرات ہائی کورٹ کے اس فیصلے کو چیلنج کیا ہے جس میں مودی سرنام معاملہ میں سیشن عدالت کی طرف سے انہیں مجرم قرار دینے اور سزا پر پابندی لگانے سے انکار کر دیا گیا تھا۔ راہل گاندھی کو اس معاملہ میں 2 سال کی سزا سنائی گئی تھی، جس کے بعد ان کو پارلیمنٹ سے نااہل قرار دے دیا گیا تھا۔

سینئر ایڈوکیٹ ابھیشیک منو سنگھوی نے چیف جسٹس آف انڈیا ڈی وائی چندرچوڑ کے سامنے گاندھی کی عرضی کا تذکرہ کرتے ہوئے فوری طور پر فہرست سازی کی درخواست کی۔ سی جے آئی نے جمعہ کو فہرست بنانے پر اتفاق کیا۔ گاندھی نے اسپیشل لیو پٹیشن کی عرضی دائر کی ہے جس میں گجرات ہائی کورٹ کے مجرمانہ ہتک عزت کیس میں ان کی سزا پر روک لگانے سے انکار کو چیلنج کیا گیا ہے۔

خیال رہے کہ 7 جولائی کو گجرات ہائی کورٹ نے کانگریس لیڈر راہل گاندھی کو ہتک عزت کیس میں سنائی گئی سزا کو معطل کرنے سے انکار کر دیا تھا۔ عدالت نے کہا تھا کہ کانگریس لیڈر کے خلاف 10 مجرمانہ مقدمات زیر التوا ہیں اور نچلی عدالت کے فیصلے میں کچھ غلط نہیں ہے۔

واضح رہے کہ سورت کی عدالت نے 20 اپریل کو راہل گاندھی کی مجسٹریٹ عدالت کی طرف سے سنائی گئی 2 سال کی سزا کو معطل کرنے کی درخواست کو مسترد کر دیا گیا تھا۔ راہل گاندھی اس کے خلاف گجرات ہائی کورٹ پہنچے تھے۔ عدالت کے فیصلے کے بعد راہل گاندھی کیرالہ کے وایناڈ سے پارلیمنٹ کی رکنیت کھو بیٹھے ہیں۔ بی جے پی کے سابق ایم ایل اے پرنیش مودی نے راہل کے خلاف مقدمہ درج کرایا تھا۔

ٹیگس