Aug ۱۴, ۲۰۲۳ ۱۶:۰۵ Asia/Tehran
  • ہماچل پردیش میں بارش کا قہر جاری، 26 افراد ہلاک، قدیم مندر پانی میں پھر ڈوبنے لگا

ہندوستان کی ریاست ہماچل پردیش میں شدید بارش کا قہر جاری ہے اور اب تک مختلف واقعات میں 26 افراد کی موت ہوچکی ہے۔

سحرنیوز/ ہندوستان: ہندوستان کی شمالی پہاڑی ریاست ہماچل پردیش میں شدید بارش جاری ہے اور ریاست کے شملہ، سولن اور منڈی ضلع میں مختلف واقعات میں 26 افراد کی موت واقع ہوئی ہے۔
ریاست کے دارالحکومت شملہ سے موصولہ رپورٹ کے مطابق ضلع منڈی میں گزشتہ 72 گھنٹے سے شدید بارش کا سلسلہ جاری ہے اور اب 300 سال پرانا مہادیو مندر پھر سے ڈوبنے لگا ہے۔ اطلاعات کے مطابق اس مندر کا 10 فی صد حصہ پانی میں ڈوب گیا ہے۔ گزشتہ 9 جولائی کو بھی یہ مندر سیلاب کی زد میں آگیا تھا اور اس کا صرف اوپری حصہ ہی بچا تھا۔
ضلع منڈی میں ہی ایک شخص دوسروں کو بچاتے ہوئے چل بسا۔ منڈی کے نلیانہ گاؤں میں بلاک ڈیویلپمینٹ کونسل کے سابق رکن اور گاؤں کے سابق سربراہ پربھاس رانا ایک خاندان کے افراد کی جان بچانے میں مصروف تھے کہ ناگہاں ان پر دیوار گرگئی اور شدید زخمی ہوگئے۔ سڑکیں بند ہونے کی وجہ سے پربھاس رانا کو اسپتال نہیں پہنچایا جا سکا اور ان کی موت واقع ہوگئی۔
شملہ کے سمرہل علاقے میں واقع شیو مندر کے پاس ہی زمین کھسکنے کا ایک دردناک حادثہ پیش آیا جس میں 9 افراد ہلاک ہوگئے۔ یہاں مقامی انتظامیہ نے ملبے سے 9 لاشیں برآمد ہونے کی تصدیق کی ہے۔ یہ حادثہ پیر کی صبح سات بجے پیش آیا۔ یہاں ملبے میں کچھ لوگ دبے ہوئے ہیں، ملبے میں دبے ایک شخص نے فون کے ذریعہ اس کی اطلاع دی۔
ادھر ضلع سولن کے جدوں گاؤں میں بادل پھٹنے سے ایک ہی کنبے کے 7 افراد کی موت ہوگئی۔ اطلاعات کے مطابق کل رات ڈیڑھ بجے گاؤں میں بادل گیا جس کے نتیجے میں دو گھر منہدم ہو گئے اور ایک ہی کنبے کے سات افراد ہلاک ہوگئے البتہ دو افراد کو بچا لیا گیا۔ خبر لکھے جانے تک ملبے سے 4 لاشیں نکال لی گئیں۔ اطلاعات کے مطابق ملبے سے ایک چھوٹی بچی کی لاش بھی برآمد ہوئی ہے۔ اسی ضلع میں ایک دیگر واقعہ میں مکان گرنے سے ایک عورت کی جان چلی گئی اور اس کا بچہ زخمی ہوگیا۔ علاقے میں ایک اخبار کی گاڑی پر زمین کا تودہ گرنے گاڑی کا ڈرائیور ہلاک ہوگیا۔ ارکی علاقے میں دیوار گرنے سے بھائی بہن کی موت ہوئی ہے۔
دریں اثنا شملہ کے ایک علاقے پھاگلی میں زمین کھسکنے سے 15 شیڈ گر گئے۔ اس حادثے میں تین افراد کی موت ہوئی ہے، کئی افراد ملبے میں دبے ہوئے ہیں جبکہ تین افراد کو بچا لیا گیا۔ 4 افراد ریاست میں رونما ہونے والے دیگر مختلف واقعات میں ہلاک ہوئے ہیں۔

ٹیگس