Aug ۲۴, ۲۰۲۳ ۱۰:۲۴ Asia/Tehran
  • چندریان 3 چاند پر کامیابی سے اتر گیا، ہندوستان کی خلائی میدان میں بہت بڑی کامیابی

ہندوستانی خلائی ایجنسی (ISRO) کے چاند مشن چندریان 3 کا وکرم لینڈر، بدھ کی شام چاند کے جنوبی حصے پر اترگیا

سحرنیوز/ہندوستان: ایران پریس کی رپورٹ کے مطابق ہندوستان کا چاند کی تحقیق کےلئے بھیجا جانے والا چندریان 3 مشن کامیابی سے چاند کے جنوبی حصےپر لینڈ کر گیا ہے اور ہندوستان امریکہ، روس اور چین کے بعد دنیا کی چوتھی خلائی طاقت بن گیا ہے جس نے چاند پر اپنے مشن کامیابی سے لینڈ کئے ہیں۔ رپورٹ کے مطابق ہندوستان کے وزیراعظم نریندر مودی نے اسے ایک ناقابل فراموش لمحہ اور ایک نئے ہندوستانی کی فتح قرار دیا۔ چندریان 3 مشن کے چاند پر لینڈنگ کے مناظر کو ہندوستانی خلائی تحقیقاتی ادارے نے لائیو ٹی وی پر دکھایا۔ وکرم لینڈر کے چاند کی سطح پر کامیابی سے لینڈ کرنے کے بعد اسرو کے کنٹرول سنٹر کے علاوہ پورے ہندوستان میں خوشی کی عظیم لہر دوڑ گئی۔ روس کے صدر ولادیمیر پوٹین نے اس کامیابی پر ہندوستان کو تہنیتی پیغام بھیجا ہے۔ روس نے چند دن پہلے چاند کے اسی حصے میں اپنا خلائی مشن بھیجا تھا جو ناکام ہوگیا تھا اور گر کر تباہ ہو گیا تھا۔ پوٹین نے کہا کہ ہندوستان کی طرف سے خلائی، سائنس اور ٹیکنالوجی کے میدان میں یہ ایک بہت بڑی کامیابی ہے۔امریکہ کے خلائی تحقیق کے ادارے ناسا کے ایڈمنسٹریٹر بل نیلسن نے بھی اس کامیاب لینڈنگ پر اسرو کو مبارک باد کا پیغام بھیجا ہے۔ رپورٹ کے مطابق چندریان 3 دو ہفتے تک چاند کی سطح پر فعال رہے گا جہاں پر چندریان 3 کے ہمراہ روبوٹ گاڑی چاند کی سطح سے مختلف نمونے جمع کرکے ان پر تجربات انجام دے گی۔ ایران پریس کی رپورٹ کے مطابق ہندوستان کے چاند تحقیقات کے مشن کی ایک خاص بات، اس کا نہایت کم خرچ ہونا ہے جو 74 ملین ڈالر بتایا جا رہا ہے جو ہالی ووڈ کی خلائی تھرلر فیلم گرویٹی سے بھی کم بنتا ہے۔ چندریان 3 چاند کے جنوبی علاقے میں اپنے تجربات کے دوران برف اور پانی کی تلاش کرے گا۔

ٹیگس