Sep ۱۴, ۲۰۲۳ ۱۹:۲۴ Asia/Tehran
  • ہندوستان: بھینس چور کو 58 سال کے بعد پکڑ لیا گیا

ہندوستان کی ریاست کرناٹک میں پولیس نے ایک ایسے شخص کو گرفتار کیا ہے جس پر 58 سال پہلے دو بھینسیں اور ایک بچھڑا چوری کرنے کا الزام ہے۔

سحر نیوز/ ہندوستان: ہندوستان کی جنوبی ریاست کرناٹک کی پولیس نے گنپتی وٹھل واگور نامی ایک شخص کو سنہ 1965 میں دو بھینسیں اور ایک بچھڑا چرانے کے الزام میں گرفتار کیا ہے۔ ملزم کی عمر موقعۂ واردات پر 20 سال تھی جو اب 78 سال کا بوڑھا شخص ہے۔

میڈیا رپورٹوں کے مطابق 25 اپریل سنہ 1965 کو وٹھل اور اس کے ساتھی کرشن چندر کے خلاف دو بھینسیں اور ایک بچھڑا چرانے کا کیس درج ہوا تھا۔ پولیس نے 1965 میں ہی دونوں ملزموں کو گرفتار کرلیا تھا لیکن ضمانت ملنے کے بعد دونوں ملزمین فرار ہوگئے اور پولیس کو چکمہ دیتے رہے۔ سمن اور وارنٹ جاری ہونے کے باجود بھی ان کی گرفتاری نہیں ہوسکی۔ لمبا عرصہ گزرنے کے بعد اس کیس کو ٹھنڈے بستے میں ڈال دیا گیا۔

اب ریاست کے ضلع بیدر کے ایس پی چننا بسوننا نے پرانے تمام کیس سلجھانے کے لئے پولیس کی ایک خصوصی ٹیم تشکیل دی تو پولیس کو 78 سالہ وٹھل کو گرفتار کرنے میں کامیابی ملی۔ وٹھل کا ساتھی کشن چندر سنہ 2006 میں استقال کرگیا تھا لہذا اس کا کیس بند کردیا گیا۔ گنپتی وٹھل کو گرفتار تو کرلیا گیا لیکن ضعیف العمری کی وجہ سے ضمانت پر رہا کردیا گیا ہے۔

 

ٹیگس