Sep ۱۸, ۲۰۲۳ ۱۵:۵۱ Asia/Tehran
  • ہندوستان: منی پور میں 10 سال کے بیٹے کے سامنے ایک فوجی کا اغوا اور قتل

ہندوستان کی فساد زدہ ریاست منی پور میں ایک فوجی کو اغوا کرکے قتل کردیا گيا ہے۔

سحر نیوز/ ہندوستان: ہندوستانی میڈیا رپورٹوں کے مطابق ریاست منی پور میں گزشتہ روز مشرقی امپھال کے ایک گاؤں میں لاش برآمد ہوئی جس کی شناخت ہندوستانی فوج کے ایک اہلکار تھانگ تھانگ کوم کے طور پر ہوئی ہے۔ انڈین ایکسپریس کی رپورٹ کے مطابق تھانگ تھانگ کو ہفتے کو ان کے گھر سے اغوا کیا گیا اور اتوار 16 ستمبر کو ان کی لاش برآمد ہوئی۔

اطلاعات کے مطابق ہندوستانی فوج کے جوان تھانگ تھانگ چھٹی پر اپنے گھر آئے تھے کہ یہ درد ناک واقعہ پیش آیا۔ بتایا جاتا ہے کہ اغوا کاروں نے تھانگ تھانگ کو اغوا کے اگلے دن ان کے گھر سے 14 کلومیٹر دور گولی مارکر قتل کردیا۔

مبینہ طور پر مقتول فوجی کا 10 سالہ بیٹا اس واقعے کا واحد چشم دید گواہ ہے۔ اطلاعات کے مطابق تھانگ تھانگ کے بیٹے نے پولیس کو بتایا کہ جب وہ برآمدے میں کام کر رہے تھے تو تین بدمعاش ان کے گھر میں گھس آئے اور بندوق کی نوک پر اس کے والد کو اغوا کرکے لے گئے۔

ہندوستانی فوج نے اس واقعہ کی سخت مذمت کی ہے اور کہا ہے کہ اس مشکل وقت میں فوج ان کے اہل خانہ کے ساتھ کھڑی ہے۔

مقتول فوجی کا تعلق "کوم" نامی ایک چھوٹے سے قبیلے سے ہے جو علاقے کے معروف اور بڑے قبیلوں کوکی اور میتھئی سے الگ ہے نیز اس قبیلے کے لوگ زیادہ تر امپھال وادی کے آس پاس بسے ہوئے ہیں۔

 

ٹیگس