Sep ۲۹, ۲۰۲۳ ۰۸:۱۸ Asia/Tehran

منی پور میں ہجوم نے وزیر اعلیٰ کے آبائی گھر پر دھاوا بولا تاہم سکیورٹی فورسز نے حملہ ناکام بنادیا۔

سحرنیوز/ہندوستان: ہندوستانی میڈیا کے مطابق ایک ہجوم نے جمعرات کی رات ریاستی دارالحکومت امپھال کے مضافات میں منی پور کے وزیر اعلیٰ این بیرین سنگھ کے خالی آبائی مکان پر حملہ کر دیا۔ یہ واقعہ وادی میں سخت حفاظتی انتظامات کے باوجود پیش آیا۔ سکیورٹی فورسز نے ہوائی فائرنگ کرکے بھیڑ کو منتشر کر دیا۔
خیال رہے کہ این بیرین سنگھ، امپھال کے وسط میں ایک الگ محفوظ سرکاری رہائش گاہ میں رہتے ہیں۔
ایک پولیس افسر نے خبر رساں ایجنسی پی ٹی آئی کو بتایا، کہ لوگوں کے دو گروپ مختلف سمتوں سے آئے اور وزیراعلیٰ کے آبائی مکان کے قریب پہنچ گئے، تاہم انہیں روک دیا گیا۔
ریپڈ ایکشن فورس (آر اے ایف) اور ریاستی پولیس فورسز نے بھیڑ کو منتشر کرنے کے لیے آنسو گیس کے کئی راؤنڈ فائر کئے۔ حکام نے مظاہرین کے لیے آگے بڑھنا مشکل بنانے کے لیے پورے علاقے میں بجلی کاٹ دی۔ انہوں نے بیرین سنگھ کے گھر کے قریب مزید رکاوٹیں کھڑی کر دیں۔
واضح رہے کہ منی پور میں طلباء نے دو نوجوانوں کی ہلاکت پر منگل اور بدھ کو پرتشدد احتجاج کیا تھا۔ ہجوم نے جمعرات کی صبح امپھال مغربی ضلع میں ڈپٹی کمشنر کے دفتر میں توڑ پھوڑ کی اور دو گاڑیوں کو آگ لگا دی تھی۔
سکیورٹی فورسز کی مظاہرین کے ساتھ جھڑپ کے بعد کل دو اضلاع امپھال ایسٹ اور ویسٹ میں دوبارہ کرفیو نافذ کر دیا گیا تھا۔ ان مظاہرین میں زیادہ تر طلباء تھے۔

ٹیگس