Oct ۰۳, ۲۰۲۳ ۱۶:۳۸ Asia/Tehran
  • ہندوستان اور کینیڈا کے تعلقات کشیدہ، کینیڈا کے 41 سفارتکاروں کو ملک چھوڑنے کا حکم

نئی دہلی نے کینیڈا کے اکتالیس سفارتکاروں کو ہندوستان چھوڑ دینے کا حکم دے دیا ہے۔

سحر نیوز/ ہندوستان: ہندوستانی میڈیا کے مطابق ہندوستان اور کینیڈا کے درمیان بڑھتی ہوئی سفارتی کشیدگی کے دوران نئی دہلی نے کہا ہے کہ اگر اکتالیس کینیڈین سفارتکار اگلے سات روز کے اندر اندر ہندوستان نہیں چھوڑ دیتے تو ان کو دی گئی سفارتی سہولتیں ختم کردی جائیں گيں ۔

ہندوستانی حکومت نے کینیڈا سے کہا ہے کہ وہ دس اکتوبرتک اپنے سفارتکاروں کو واپس بلالےہندوستان میں اس وقت کینیڈا کے باسٹھ سفارتکار سفارتی سرگرمیاں انجام دے رہےہيں لیکن ہندوستانی حکومت یہ تعداد گھٹاکر اکیس کرنا چاہتی ہے۔

ہندوستانی حکومت نے پہلے ہی عندیہ دے دیا تھا کہ وہ اپنے یہاں کینیڈین سفارتکاروں کی تعداد کم کرے گی - اکیس ستمبرکو ہندوستانی وزارت خارجہ کے ترجمان نے کہا تھا کہ ہندوستان میں کنیڈين سفارتکاروں کی تعداد کینیڈا میں ہندوستانی سفارتکاروں کی تعداد کے مقابلے میں کہیں زیادہ ہے۔

ہندوستان اور کینیڈا کے درمیان کشیدگی اس وقت اپنے عروج پر پہنچ گئی جب ستمبر میں کینيڈا کے وزیراعظم ٹروڈو نے پارلیمنٹ میں بیان دیتے ہوئے کہا تھا کہ گذشتہ جون کے مہینے میں وینکور میں خالصتانی تحریک کے رہنما نجر کے قتل میں حکومت ہندوستان کا ہاتھ ہوسکتا ہے ۔ اس کے بعد دونوں حکومتوں کے درمیان لفظی جنگ شروع ہوگئی ہے۔

ٹیگس