Oct ۰۳, ۲۰۲۳ ۲۰:۲۶ Asia/Tehran
  • دہلی سمیت شمالی ہندوستان میں زلزلے کے تیز جھٹکے، لوگ ڈر کر گھروں اور دفتروں سے نکلے

ہندوستان میں دارالحکومت دہلی سمیت شمالی علاقوں میں زلزلے کے شدید جھٹکے محسوس کئے گئے اور لوگ خوف کے عالم میں اپنے گھروں اور دفتروں سے باہر نکل آئے۔

سحرنیوز/ ہندوستان: میڈیا رپورٹوں کے مطابق آج منگل کو دہلی اور آس پاس کے علاقوں سمیت شمالی ہندوستان کے کئی حصوں میں زلزلے کے جھٹکے محسوس کئے گئے۔ منگل کو پہلے دوپہر ڈھائی بجے زلزلے کے جھٹکے محسوس کئے گئے اور پھر آدھاگھنٹے کے بعد دوبارہ زلزلہ آیا۔

اطلاعات کے مطابق پہلے زلزلے کی شدت رکٹر اسکیل پر چھ اعشاریہ دو تھی جبکہ دوسری بار آنے والے زلزلے کی شدت چار اعشاریہ چھ تھی۔ زلزلے کا مرکز نیپال بتایا گیا ہے اور اس کا مرکز 5 کلومیٹر گہرائی میں تھا اسی لئے پہلے آنے والے زلزلے کی شدت زیادہ تھی اور زلزلے کے جھٹکے دور تک محسوس کئے گئے۔ دوسرے زلزلے کا مرکز 10 کلومیٹر گہرائی میں تھا۔

دارالحکومت دہلی میں زلزلے کے بعد لوگ ڈر کر اپنے گھروں اور دفتروں سے باہر نکل آئے۔ اطلاعات کے مطابق دہلی اور آس پاس کے علاقوں میں زلزلے کی شدت زیادہ تھی۔

زلزلے کے بعد دہلی پولیس نے سوشل میڈیا پر لوگوں سے اپیل کی کہ گھبرائیں نہیں، باہر نکل کر محفوظ مقامات پر چلے چائيں، لفٹ کا استعمال نہ کریں۔

ادھر اتر پردیش اور اتراکھنڈ میں بھی زلزلے کے جھٹکے محسوس کئے گئے ہیں۔ راجستھان کے دارالحکومت جے پور میں بھی زلزلہ آنے کی اطلاعات ہیں۔ چنڈی گڑھ سمیت شمالی ہندوستان کے دیگر حصوں میں بھی زلزلے کے جھٹکے محسوس کئے گئے ہیں۔ کسی جانی یا مالی نقصان کی کوئی اطلاع نہیں ہے۔

 

 

ٹیگس