Oct ۰۴, ۲۰۲۳ ۱۷:۳۵ Asia/Tehran
  • ہندوستان: عآپ لیڈر سنجے سنگھ گرفتار

ہندوستان میں عام آدمی پارٹی کے لیڈر اور رکن پارلیمان سنجے سنگھ کو مبینہ شراب اسکینڈل میں گرفتار کرلیا گیا ہے۔

سحرنیوز/ ہندوستان: میڈیا رپورٹوں کے مطابق ہندوستان کے دارالحکومت دہلی میں آج بدھ کی صبح عآپ لیڈر اور رکن پارلیمان سنجے سنگھ کی رہائش گاہ پر ای ڈی نے چھاپہ مارا اور ان کے گھر کی تلاشی لی۔ ای ڈی نے دہلی کے مبینہ شراب اسکینڈل کے بارے میں ساڑھے دس گھنٹے ان سے پوچھ گچھ کی جس کے بعد انہیں گرفتار کرلیا گیا۔

ہندوستانی میڈیا ذرائع نے بتایا کہ اس سلسلے میں بعض دیگر لوگوں کمپلیکسوں کی بھی تلاشی لی گئی۔ گرفتاری سے پہلے عآپ رکن پارلیمان سنجے سنگھ کے اسٹاف سے بھی پوچھ گچھ کی گئي تھی۔

انفورسمنٹ ڈائریکٹوریٹ (ای ڈی) کی چارج شیٹ میں سنجے سنگھ کا نام بھی شامل ہے۔ ای ڈی کے مطابق ایک بچولیے دنیش اروڑہ نے انہیں بتایا تھا کہ اس کی ملاقات سنجے سنگھ سے اس کے ریستوراں 'ان پلگڈ کورٹ یارڈ' میں پارٹی کے دوران ہوئی تھی۔

چارج شیٹ میں کہا گیا ہے کہ سنہ 2020 میں سنجے سنگھ نے دنیش اروڑو سے درخواست کی تھی کہ وہ ریستوراں کے مالکان سے دہلی اسمبلی انتخابات سلسلے میں عام آدمی پارٹی کے لئے فنڈ جمع کرنے کو کہیں۔ دنیش اروڑہ نے بتایا کہ انہوں نے پارٹی کے لئے 82 لاکھ روپے کا چیک دیا تھا۔

دوسری طرف عآپ لیڈر سنجے سنگھ کی رہائش گاہ پر چھاپے کے سلسلے میں ردعمل ظاہر کرتے ہوئے پارٹی نے الزام لگایا کہ ای ڈی نے سنجے سنگھ کو "نشانہ" بنایا ہے کیونکہ انہوں نے پارلیمنٹ میں اڈانی گروپ سے متعلق معاملات کو اٹھایا تھا۔

 

ٹیگس