Oct ۰۷, ۲۰۲۳ ۱۷:۳۳ Asia/Tehran
  • ہندوستان میں جاری عالمی کرکٹ کپ

ہندوستان میں عالمی کرکٹ کپ کا سلسلہ جاری ہے۔

سحر نیوز/ ہندوستان: ہندوستان میں جاری کرکٹ کے عالمی کپ کے تیسرے میچ میں افغانستان اور بنگلہ دیش کے درمیان مقابلہ ہوا۔ دھرم شالہ میں کھیلے گئے میچ میں بنگلہ دیش نے ٹاس جیت کر افغانستان کو پہلے بیٹنگ کرنے کی دعوت دی اور اس کا فیصلہ صحیح ثابت ہوا - افغانستان کی پوری ٹیم صرف اڑتیسویں اوور میں ایک سو چھپن رن بناکر آؤٹ ہوگئی۔

افغانستان کی طرف اوپنرز رحمان اللہ گرباز، اور ابراہیم زادران کے علاوہ کوئی بھی بلے باز بنگلہ دیش کے بالروں کا مقابلہ نہ کرسکا - افغانستان کی جانب سے گرباز نے سینتالیس اور زادران اور عظمت اللہ نے، بائیس بائیس رن بنائے۔

بنگلہ دیش کی جانب سے مہدی حسن اور شکیب الحسن نے تین تین وکٹیں حاصل کیں ۔

اس سے پہلے کل رات ٹورنامنٹ کے دوسرے میچ میں پاکستان نے نیدر لینڈ کو اکیاسی رن کے واضح فرق سے شکست دے دی ۔ حیدرآباد کے راجیوگاندھی اسٹیڈیم میں نیدر لینڈ نے ٹاس جیت کر پاکستان کو پہلے بیٹنگ کرنے کی دعوت دی پاکستان نے انچاس اوور میں دس وکٹوں کے نقصان پر دو سو چھیاسی رن بنائے پاکستان کی جانب سے محمد رضوان اور سعود شکیل نے اڑسٹھ اڑسٹھ رن کی اننگ کھیلی جبکہ محمد نواز نے انتالیس رن بنائےجواب میں نیدر لینڈ کی ٹیم پاکستانی بالروں کے مقابلے میں بے بس نظرآئی اور پوری ٹیم دو سو پانچ رن بناکر آؤٹ ہوگئی۔

نیدرلینڈ کی جانب سے وکرم سینگھ اور لیڈے کے علاوہ کوئی بھی بیٹسمین پاکستانی بالروں کا مقابلہ نہ کرسکا اور پوری ٹیم اکتالیس اوور میں دو سو پانچ رن بنا سکی اور یوں پاکستان نے یہ میچ اکیاسی رن سے جیت لیا ۔

ٹیگس