Nov ۲۵, ۲۰۲۳ ۲۰:۰۸ Asia/Tehran
  • ہندوستان: 12 نومبر سے سرنگ میں پھنسے مزدور کیا ایک مہینہ میں نکلیں گے؟ سرنگ کے غیرملکی ماہر کے بیان سے تشویش میں اضافہ

ہندوستان کی شمالی ریاست اتراکھنڈ میں زیر تعمیر سرنگ میں 12 نومبر سے پھنسے 41 مزدور ابھی ابھی باہر نہیں آ سکے ہیں۔ بین الاقوامی سرنگ ماہر کے بیان سے ایک بار پھر تشویش بڑھ گئی ہے۔

سحر نیوز/ ہندوستان: ہندوستانی میڈیا کی آج کی رپورٹوں کے مطابق ریاست اترا کھنڈ کے اترکاشی ضلع میں زیر تعمیر سرنگ میں 12 نومبر سے پھنسے 41 مزدوروں کے باہر نکلنے سے متعلق تشویش میں اضافہ ہوگیا ہے۔ اطلاعات کے مطابق مزدوروں کو باہر نکالنے کا کام جنگی سطح پر جاری ہے اور کزشتہ روز مزدوروں کے باہر نکلنے کی امید کا اظہار کیا گیا تھا، 41 ایمبولینسیں اور 2 ہیلی کاپٹر سرنگ کے باہر تیار کھڑے تھے نیز دوسری ضروری اشیا اور سامان بھی مہیا کرالیا گیا تھا لیکن آج پھر مزدوروں کے باہر نکلنے کی امید ٹوٹنے لگی۔

اطلاعات کے مطابق سرنگ میں پھنسے مزدوروں کو باہر نکالنے کے لئے ہرممکن کوشش کی جارہی ہے اور اس سلسلے میں غیر ملکی ماہرین کی بھی مدد لی گئی ہے لیکن اب تک کئی بار امید بندھی اور پھر ٹوٹ گئی۔

تازہ تشویش کی وجہ مزدوروں کو باہر نکالنے کی مہم میں شامل غیرملکی ماہر کا بیان ہے جس میں انہوں نے کہا ہے کہ "مجھے نہیں معلوم کہ اس میں کتنا وقت لگے گا۔" سرنگ ماہر یا بین الاقوامی ٹنلنگ ایکسپرٹ آرنالڈ ڈکس Arnold Dix نے کہا کہ "اب سے ایک مہینے تک کچھ وقت مزید لگ سکتا ہے۔" البتہ انہوں نے کوئی مقررہ وقت بتانے سے انکار کردیا۔ ان کا کہنا تھا کہ "میں نے کبھی وعدہ نہیں کیا کہ یہ کام جلدی ہوگا، میں نے کبھی نہیں کہا کہ یہ کل ہوگا یا آج رات ہوگا۔"

واضح رہے کہ ضلع اترکاشی میں زیر تعمیر سرنگ کا ایک حصہ 12 نومبر کو منہدم ہوگیا تھا، جس کی وجہ سے اس میں کام کرنے والے 41 مزدور پھنس گئے تھے۔ اس کے بعد سے مختلف ایجنسیاں انہیں نکالنے کے لئے جنگی پیمانے پر کام کر رہی ہیں لیکن ابھی تک کامیابی نہیں مل سکی ہے۔

ٹیگس