Dec ۱۲, ۲۰۲۳ ۱۶:۲۳ Asia/Tehran
  • ہندوستان: راجستھان کا بھی مسئلہ حل ہوا، بھجن لال شرما ہوں گے نئے وزیر اعلیٰ

ہندوستان کی ریاست راجستھان کے نئے وزیر اعلیٰ بھجن لال شرما ہوں گے۔

سحرنیوز/ ہندوستان: کئی دن کی کشمکش کے بعد بالآخر بی جے پی میں راجستھان کے وزیر اعلیٰ کے نام پر اتقاق ہوگیا ہے اور اب بھجن لال شرما راجستھان کے نئے وزیر اعلیٰ ہوں گے۔

بھجن لال شرما نے جے پور کی سنگانیر سیٹ سے الیکشن لڑا تھا اور وہ پہلی بار میں ہی وزیر اعلیٰ کی کرسی تک پہنچ گئے۔ اس سیٹ سے موجودہ ایم ایل اے اشوک لاہوتی کا ٹکٹ کاٹ کر بھجن لال شرما کو امیدوار بنایا گیا تھا۔ وہ آر ایس ایس اور اے بی وی پی سے وابستہ رہے ہیں۔

بی جے پی ہائی کمان نے مرکزی وزرا راج ناتھ سنگھ، ونود تاوڑے اور سروج پانڈے کو راجستھان کا مبصر بنایا تھا۔ آج دوپہر تینوں لیڈر جے پور پہنچے اور نو منتخب اراکین اسمبلی کے ساتھ میٹنگ کی۔ وہیں، مرکزی وزیر راج ناتھ سنگھ نے وسندھرا راجے سے اکیلے میں ملاقات کی۔ دوسری طرف بی جے پی کے قومی صدر جے پی نڈا نے بھی راج ناتھ سنگھ سے فون پر بات کی۔

واضح رہے کہ ہندوستان کی 5 ریاستوں راجستھان،  مدھیہ پردیش، چھتیس گڑھ، تلنگانہ اور میزورم میں 7 سے 30 نومبر تک اسمبلی انتخابات ہوئے تھے اور ان انتخابات میں بی جے پی نے مذکورہ پہلی تین ریاستوں میں کامیابی حاصل کی ہے۔ مدھیہ پردیش میں بی جے پی کی ہی حکومت تھی جبکہ چھتیس گڑھ اور راجستھان میں اس نے کانگریس سے اقتدار چھینا ہے۔  بی جے پی نے راجستھان میں 199 میں سے 115 سیٹیں جیتی ہیں جبکہ کانگریس نے 69 سیٹیں حاصل کی ہیں۔

 

ٹیگس