متھرا شاہی عیدگاہ معاملہ: ہندو فریق کی درخواست منظور، الہ آباد ہائی کورٹ کا سروے کا حکم
الہ آباد ہائی کورٹ نے ہندو فریق کی درخواست منظور کرتے ہوئے متھرا کی شاہی عیدگاہ سے متصل مسجد کا سروے کرانے کا حکم دے دیا۔
سحر نیوز/ ہندوستان: دہلی سے میڈیا رپورٹوں کے مطابق ہندوستان کی ریاست اترپردیش میں گیانواپی مسجد کے بعد اب متھرا کی شاہی عیدگاہ کا بھی اے ایس آئی سروے کرایا جائے گا۔ الہ آباد ہائی کورٹ نے اس سلسلے میں ہندو فریق کی درخواست منظور کرتے ہوئے متھرا کی شاہی عیدگاہ سے متصل مسجد کا سروے کرانے کا حکم دے دیا۔
اطلاعات کے مطابق سروے کے لیے کمشنروں کا تقرر کیا جائے گا۔ متھرا کی عیدگاہ مسجد کا سروے کرانے کے لیے ہائی کورٹ میں درخواست دائر کی گئی تھی۔ الہ آباد ہائی کورٹ نے آج اس سلسلے میں سروے کا حکم دے دیا۔
دراصل متھرا شاہی عیدگاہ کا اے ایس آئی سروے کرائے جانے سے متعلق عرضی عدالت میں داخل کی گئی تھی۔ عرضی میں متھرا میں واقع شری کرشن جنم بھومی سے ملحق جو مسجد ہے، اس کا کسی ایڈووکیٹ کے ذریعہ سروے کرانے کا مطالبہ کیا گیا تھا۔ اس تعلق سے 18 الگ الگ عرضیاں داخل کی گئی تھیں۔
اطلاعات کے مطابق الہ آباد ہائی کورٹ نے 3 وکلا کو کورٹ کمشنر مقرر کیا ہے اور انہیں متنازعہ جگہ کا سروے کرنے کا حکم دیا ہے۔ جسٹس میانک کمار جین کی سنگل بینچ نے یہ اہم فیصلہ سنایا ہے۔ درخواست کی سماعت کے بعد جسٹس میانک کمار جین نے 16 نومبر کو فیصلہ محفوظ کر لیا تھا۔