بی جے پی حکومت پرآئين کی خلاف ورزی اور پارلیمنٹ میں اپوزیشن کی آواز کو دبانے کا الزام
ہندوستان کی حزب اختلاف کانگریس پارٹی نے راہل گاندھی کی دوسری بھارت جوڑو یاترا کے لوگو اور سلوگن کی رونمائی کردی۔
سحر نیوز/ ہندوستان: نئی دہلی سے موصولہ رپورٹ کے مطابق کانگریس پارٹی کے صدر ملکارجن کھڑگے نے پارٹی ہیڈکوارٹر میں دوسری بھارت جوڑو یاترا کے لوگو اور سلوگن کی تقریب رونمائی کے بعد ایک پریس کانفرنس میں اس یاترا کے محرکات و اہداف پر روشنی ڈالی ۔ انھوں نے بی جے پی حکومت پرآئين کی خلاف ورزی اور پارلیمنٹ میں اپوزیشن کی آواز کو دبانے کا الزام لگایا۔
کانگریس پارٹی کے صدر نے کہا کہ مودی حکومت پارلیمنٹ کے اندر ہمیں بولنے کی اجازت نہیں دیتی اس لئے ہم نے بھارت جوڑو نیائے یاترا میں عوام کے درمیان جانے کا فیصلہ کیا ہے۔
ملکارجن کھڑگے نے الزام لگایا کہ مودی حکومت آمرانہ انداز میں کام کر رہی ہے اور جب ہم پارلیمنٹ ميں بولنا چاہتے ہیں تو ہمیں بولنے کی اجازت نہیں دی جاتی ۔ انہوں نے کہا کہ پارلیمنٹ کے سرمائی اجلاس میں حزب اختلاف کے ایک سو چھیالیس اراکین کو پورے سیشن کے لئے معطل کردیا گیا جس کی ہندوستان کی تاریخ میں کوئی مثال نہیں ملتی ۔
کانگریس صدر نے کہا کہ یہ نا انصافی ہے اور اس کے خلاف ہم نے " بھارت جوڑو نیائے یاترا " نکالنے کا فیصلہ کیا ہے جس کی قیادت راہل گاندھی کریں گے ۔ انہوں نے اسی کے ساتھ انڈیا اتحاد میں شامل جماعتوں اور دیگر پارٹیوں کو بھی بھارت جوڑو نیائے یاترا میں شرکت کی دعوت دی ۔
واضح رہے کہ کانگریس پارٹی کی بھارت جوڑو نیائے یاترا چودہ جنوری کو منی پور سے شروع ہوگی۔