ہندوستان: دو بہنوں نے مکمل قرآن مجید کا نسخہ کشیدہ کاری کے ذریعے تیار کرلیا (ویڈیو)
ہندوستان کی ریاست کرناٹک کے شہر بنگلورو میں دو بہنوں نے اپنی محنت اور لگن سے حیرت انگیز کارنامہ انجام دیتے ہوئے کپڑے کی جلدوں پر پورے قرآن مجید کا نسخہ کشیدہ کاری کے ذریعے تیار کرلیا۔
سحرنیوز/ہندوستان: ہندوستانی میڈیا کی رپورٹ کے مطابق شہر بنگلورو سے تعلق رکھنے والی دو بہنوں نے اپنے شوق اور مہارت کے ذریعے ساڑھے چار سال کی محنت کے بعد قرآن مجید کے مکمل نسخہ کو خوبصورتی کے ساتھ کپڑے کی پانچ جلدوں پر منتقل کردیا۔
بی بی تبسم اور ثریا قریشی نے قرآن پاک کے ہر حرف کی کشیدہ کاری کی، سوئی دھاگے سے قرآن مجید کی تمام آیات کو کپڑے پر رقم کیا۔ 5 جلدوں میں قرآن شریف کے30 پارے یعنی ہر جلد میں 6 پارے محفوظ کرلئے۔
چار سال قبل بی بی تبسم نے اپنی بڑی بہن ثریا قریشی کےساتھ مل کر قرآن مجید کی پہلی سورۃ فاتحہ سے آغاز کیا سورۃ الناس تک اسے کامیابی سے مکمل کیا۔ یہ نادر نسخہ کل 604 صفحات پر مشتمل ہے۔ کاٹن کے کپڑے اور دھاگے کا استعمال کرتے ہوئے اس شاندار کام کو انجام دیا۔ دونوں نے مخمل کے کپڑے میں 5 جلدوں میں تمام کپڑے کے صفحات کی خود بائنڈنگ کی۔
اہم اور دلچسپ بات یہ ہے کہ عالم دین کی رہنمائی میں قرآن مجید کا یہ نسخہ تیار کیا کیا گیا ہے اور یہ نسخہ آسانی کے ساتھ پڑھا جاسکتا ہے اور جاذب النظر بھی ہے۔