Jan ۲۵, ۲۰۲۴ ۱۶:۳۹ Asia/Tehran
  • ہندوستان: اترپردیش میں دل خراش سڑک حادثہ، ایک ہی خاندان کے 12 افراد کی موت

ہندوستان کی ریاست اترپردیش کے ضلع شاہجہاں پور میں ایک خاندان کے لئے جمعرات کی صبح "موت کی صبح" بن کر نمودار ہوئی اور خاندان کے 12 افراد کو موت کی نیند سلا دیا۔

سحرنیوز/ ہندوستان: ہندوستانی میڈیا رپورٹوں کے مطابق ریاست اتر پردیش کے ضلع شاہجہاں پور کے اللہ گنج تھانہ علاقے میں آج جمعرات کی صبح  یہ دل خراش حادثہ اس وقت رونما ہوا جب ایک ٹرک نے ٹیمپو کو ٹکر مار دی۔ اس حادثے میں تقریباً 12 افراد کی موت کی خبر ہے۔ بتایا جاتا ہے کہ حادثہ گھنی دھند کی وجہ سے پیش آیا۔
حادثے کا شکار ہونے والے تمام افراد کا تعلق شاہجہاں پور کے مدنا پور تھانہ علاقے کے ایک گاؤں سے تھا۔ اس علاقے کے سریش کشیپ اپنے خاندان کے افراد کو لے کر اپنے ٹیمپو کے ذریعہ گھٹیا گھاٹ گنگا میں نہانے کے لیے جا رہے تھے کہ راستے میں یہ حادثہ پیش آگیا۔ حادثے کی اطلاع ملتے ہی علاقے کے ایس پی اشوک کمار مینا جائے حادثہ پر پہنچ گئے۔
اترپردیش کے وزیر اعلیٰ یوگی آدتیہ ناتھ نے اس دردناک حادثے پرافسوس اور مرنے والوں کے اہل خانہ سے تعزیت کا اظہار کیا ہے۔ اس کے علاوہ انہوں نے حکام کو جائے وقوعہ پر پہنچنے اور زخمیوں کے لئے امدادی کام کی ہدایات دی ہیں۔

ٹیگس