ہندوستان: کیرالہ میں گورنر عارف محمد خان کے خلاف مظاہرہ، گورنرکا طلبا کے خلاف دھرنا + ویڈیو
ہندوستان کی ریاست کیرالہ میں طلبا مظاہرین نے ریاست کے گورنر عارف محمد خان کے قافلے کو ضلع کولم میں روک لیا اور نعرے لگائے، جس پر گورنر احتجاج میں سڑک پر دھرنے پر بیٹھ گئے۔
سحرنیوز/ ہندوستان: میڈیا رپورٹوں کے مطابق ہندوستانی جنوبی ریاست کیرالہ میں ریاستی گورنر عارف محمد خان ایک پروگرام میں شرکت کے لئے سدانند پورم جا رہے تھے کہ راستے میں ایس ایف آئی کے طلبا نے ضلع کولم میں گورنر کا قافلہ روک لیا اور ان کے خلاف نعرے لگائے۔
اطلاعات کے مطابق گورنر عارف محمد خان اس کے بعد ایم سی روڈ پر ایک دکان سے کرسی لے کر بیٹھ گئے اور مظاہرین کے خلاف کارروائی کا مطالبہ کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ "میں یہاں سے نہیں جاؤں گا۔ پولیس انہیں تحفظ فراہم کر رہی ہے۔"
واضح رہے کہ کیرالہ کے گورنر اور کیرالہ کی ریاستی حکومت کے درمیان ناراضگی گزشتہ ہفتے کے دوران شدت اختیار کر گئی۔ جمعرات کو گورنر عارف محمد خان نے کیرالہ اسمبلی میں اپنا پالیسی خطاب ڈیڑھ منٹ میں ختم کر دیا۔ وہ تقریر کا آخری پیراگراف پڑھ کر اسمبلی سے چلے گئے۔ گورنر اور وزیراعلیٰ دونوں نے جمعہ کو سینٹرل اسٹیڈیم میں یوم جمہوریہ کی سرکاری تقریب میں شرکت کی تاہم دونوں ایک دوسرے کو سلام کرنے یا ایک دوسرے کا سامنا کرنے کو تیار نہیں تھے۔
اس کے بعد کیرالہ کے وزیر اعلیٰ نے راج بھون میں گورنر کی جانب سے دی گئی چائے پارٹی میں شرکت نہیں کی۔ وزیر اعلیٰ کے علاوہ ریاستی وزرا بھی گورنر کی پارٹی سے دور رہے۔