Jan ۳۱, ۲۰۲۴ ۲۱:۰۳ Asia/Tehran
  • ہندوستان: جھارکھنڈ کے وزیر اعلیٰ ہیمنت سورین کا استعفیٰ ، گرفتاری کی بھی اطلاعات، چمپئی سورین نئے وزیر اعلیٰ

ہندوستان کی ریاست جھارکھنڈ کے وزیر اعلیٰ ہیمنت سورین نے اپنے عہدے سے استعفیٰ  دے دیا ہے اور موجودہ کابینی وزیر چمپئی سورین نے حکومت بنانے کا دعویٰ پیش کردیا ہے۔

سحرنیوز/ ہندوستان: رانچی سے موصولہ رپورٹ کے مطابق انفورسمینٹ ڈائریکٹوریٹ، ای ڈی، اور جھار کھنڈ کے وزیر اعلیٰ ہیمنت سورین کے درمیان آنکھ مچولی کے بعد آخر کار آج ہیمنت سورین نے استعفیٰ دے دیا۔ ای ڈی کے افسران نے وزیر اعلیٰ ہاؤس میں ہیمنت سورین سے آج بدھ کو 7 گھنٹے تک پوچھ گچھ کی اور اس کے بعد گورنر ہاؤس پہنچ کر ہیمنت سورین نے استعفیٰ دے دیا۔

میڈیا رپورٹوں کے مطابق ای ڈی نے ہیمنت سورین کو گرفتار کرلیا ہے اور وزیر اعلیٰ ہاؤس سے وہ ای ڈی کی حراست میں ہی گورنر ہاؤس پہنچے تھے۔ بتایا جاتا ہے کہ ہیمنت سورین کے جوابات سے مطمئن نہ ہونے کے بعد ای ڈی نے انہیں گرفتار کرنے کا فیصلہ کیا۔

ادھر حکمراں پارٹی کے اراکین اسمبلی نے موجودہ کابینی وزیر چمپئی سورین کو اپنا لیڈر منتخب کرلیا ہے لہذا چمپئی سورین اب جھارکھنڈ کے نئے وزیر اعلیٰ ہوں گے۔ اطلاعات کے مطابق چمپئی سورین نے حکومت بنانے کا دعویٰ بھی پیش کردیا ہے لیکن گورنر نے ابھی حلف برداری کے وقت کا اعلان نہیں کیا ہے۔

 

 

ٹیگس