ہندوستان: گیان واپی مسجد کے تہہ خانے میں راتوں رات پوجا پاٹھ، سپریم کورٹ سے مسلم فریق کی عرضی خارج
ہندوستان کی ریاست اترپردیش میں گیان واپی مسجد کے تہہ خانے میں ہندوؤں نے پوجا کی ہے۔ بدھ کے روز وارانسی کے ضلع جج نے ہندو فریق کو گیان واپی مسجد کے تہہ خانے میں پوجا کرنے کی اجاذت دے دی تھی۔
سحرنیوز/ ہندوستان: دہلی سے میڈیا رپورٹوں کے مطابق ہندوستان کی ریاست اترپردیش کے شہر وارانسی میں بدھ کی آدھی رات کے بعد گیان واپی مسجد کے تہہ خانے میں پوجا پاٹھ کی ہے۔ وارانسی کے ضلع جج نے گزشتہ روز ہندو فریق کو گیان واپی مسجد کے تہہ خانے میں پوجا کرنے کا اختیار دے دیا تھا۔
واضح رہے کہ وارانسی کے ضلع جج ڈاکٹر اجے کرشنا وشویش کی عدالت نے ہندو فریق کو گیان واپی مسجد کے تہہ خانے میں پوجا پاٹھ کی اجازت دیتے ہوئے انتظامیہ کو ایک ہفتے کے اندر اندر مسجد میں پوجا کا بند و بست کئے جانے کی ہدایات بھی جاری کیں تاہم بدھ کی رات گئے تک ضلع انتظامیہ، پولیس اور وشوناتھ ٹرسٹ کے پجاریوں کی میٹنگ ہوئی اور رات کے 2 بجے پوجا کی گئی۔
بدھ کی آدھی رات کو عدالتی حکم پر یقینی عمل در آمد کے لیے ضلع مجسٹریٹ، پولس کمشنر اور ڈویژنل کمشنر بھاری فورس کے ساتھ گیان واپی مسجد پہنچے اور رکاوٹیں ہٹا کر مسجد کے تہہ خانے میں پوجا شروع کی۔
گیان واپی مسجد کے تہہ خانے میں راتوں رات پوجا کے بعد مسلم فریق نے سپریم کورٹ سے رجوع کیا لیکن عدالت عظمیٰ نے سماعت سے انکارکردیا اور الہ آباد ہائی کورٹ سے رجوع کرنے کا مشورہ دیا۔
عدالت کے فیصلے پر ہندو فریق نے خوشی کا اظہار کیا ہے جبکہ مسلم فریق کا کہنا ہے کہ یہ فیصلہ عجلت میں جاری کیا گیا ہے اور اس میں کئی خامیاں ہیں۔
علاقے میں اور خاص طور سے مسجد کے آس پاس سخت حفاظتی انتظامات کئے گئے ہیں۔