Feb ۰۲, ۲۰۲۴ ۱۶:۰۸ Asia/Tehran
  • ہندوستان: چمپئی سورین نے جھارکھنڈ کے وزیر اعلیٰ کا عہدہ سنبھال لیا، اکثریت ثابت کرنے کے لئے 10 دن کا وقت

ہندوستان کی ریاست جھارکھنڈ میں چمپئی سورین نے جھارکھنڈ کے وزیر اعلیٰ کے عہدے کا حلف لے لیا۔ ریاست کے گورنر سی پی رادھا کرشنن نے ان کو حلف دلایا اور اکثریت ثابت کرنے کے لئے ان کو وقت دیا ہے۔

سحر نیوز/ ہندوستان: میڈیا رپورٹوں کے مطابق جھارکھنڈ کے دارالحکومت رانچی میں آج، 2 فروری کو، ریاست کے نئے وزیر اعلیٰ کی حلف برداری کی تقریب منعقد ہوئی۔ چمپئی سورین نے 12 بج کر 23 منٹ پر ریاست کے وزیر اعلیٰ کی حیثیت سے حلف لیا۔ ان کے ساتھ کانگریس کے عالمگیرعالم اور آر جے ڈی کے ستیہ نند بھوکتا نے بھی کابینی وزیر کے طور پر حلف لیا۔ بتایا جاتا ہے کہ آخرالذکر دونوں وزرا نائب وزیر اعلیٰ ہوں گے۔ نئے وزیر اعلیٰ کو دس دن میں اسمبلی میں اپنی اکثریت ثابت کرنی ہے۔

واضح رہے کہ جھارکھنڈ کے وزیر اعلیٰ ہیمنت سورین نے 31 جنوری کو اپنے عہدے سے استعفیٰ دے دیا تھا۔ ہندوستان کی مرکزی مالی تفتیشی ایجنسی، ای ڈی، نے ہیمنت سورین کو مبینہ مالی بدعنوانی کے کیس میں گرفتار کیا ہے اور آج عدالت نے 5 دن کے لئے انہیں ای ڈی کی تحویل میں بھیج دیا۔

جھارکھنڈ کی ریاستی اسمبلی 81 اراکین پر مشتمل ہے اور جھارکھنڈ مکتی مورچہ، جے ایم ایم، کی قیادت میں ریاست میں مخلوط حکومت کام کر رہی ہے۔ چمپئی سورین کا دعویٰ        ہے کہ ان کو 47 اراکین اسمبلی کی حمایت حاصل ہے۔ حکمراں اتحاد میں جے ایم ایم کے 29 اراکین ہیں، کانگریس کے 17 اور آر جے ڈی کا ایک رکن شامل ہے۔ بی جے پی کی قیادت والے اپوزیشن اتحاد این ڈی اے کے پاس 32 اراکین اسمبلی ہیں۔

68 سالہ چمپئی سورین نے سنہ 1991 میں ضمنی انتخاب میں آزاد ایم ایل اے کے طور پر کامیاب ہوکر اپنے سیاسی کیریئر کا آغاز کیا تھا۔

ٹیگس