Feb ۱۰, ۲۰۲۴ ۱۶:۱۰ Asia/Tehran
  • ہندوستان: ہلدوانی فساد میں ایک مسلم خاندان نے سات پولیس اہلکاروں کی جان بچائی ، جان بچانے کے لئے نماز چھوڑ دی

ہندوستان کی ریاست اترا کھنڈ کے شہر ہلدوانی میں حالیہ فساد کے دوران ایک مسلم خاندان کے ذریعہ نماز چھوڑ کر سات پولیس اہلکاروں کی جان بچانے کی بڑی خبر ہے۔

سحر نیوز/ ہندوستان: ہندوستانی میڈیا ذرائع کے مطابق شمالی پہاڑی ریاست اترا کھنڈ میں ضلع نینیتال کے شہر ہلدوانی میں جمعرات کے روز پولیس کے ذریعہ ایک مبینہ غیرقانونی مدرسہ منہدم کئے جانے کے بعد فساد پھوٹ پڑا تھا۔

اطلاعات کے مطابق جمعرات کو انہدامی کارروائی کرنے کے لئے پہنچی ٹیم پر پتھراؤ کردیا گیا جس میں 60 افراد زخمی ہوگئے۔ بتایا جاتا ہے کہ فساد کے دوران بڑی تعداد میں پولیس والے بھی زخمی ہوئے ہیں۔ اطلاعات کے مطابق پتھراؤ کے دوران ایک مسلمان خاندان آگے آیا، مسلم خاندان کے افراد فسادیوں کے سامنے ڈٹ گئے اور انہوں نے 7 پولیس والوں کی جان بچائی۔ اس مسلم خاندان نے نماز چھوڑ کر پانچ سے سات پولیس اہلکاروں کی جان بچائی۔ شرپسندوں سے اس خاندان کی جھڑپ بھی ہوئی۔ ریسکیو ٹیم نے جائے وقوعہ پہنچ کر پولیس اہلکاروں کو بحفاظت باہر نکالا اور مسلم خاندان کو بھی سیکورٹی فراہم کی۔

 جمعرات کو ہونے والے فساد کے نتیجے میں 6 افراد مارے گئے تھے اور شہر میں کرفیو لگا دیا گیا تھا۔ حالات اتنے خراب ہوئے کہ فسادیوں کو دیکھتے ہی گولی مارنے کے احکامات جاری کردیئے گئے البتہ آج ہفتے کو شہر کے باہری علاقوں سے کرفیو اٹھا لیا گیا ہے اور پولیس نے اب تک 5 افراد کو گرفتار کیا ہے۔ باقی افراد کی تلاش کے لئے چھاپے مارے جا رہے ہیں۔ علاقے کے حالات معمول پر آ رہے ہیں۔

ٹیگس