ہندوستان: ہلدوانی میں کرفیو میں نرمی کا اعلان، زخمی محمد اسرار چل بسا
ہندوستان کی ریاست اترا کھنڈ کے شہر ہلدوانی میں آج فساد کے آٹھویں دن متاثرہ علاقے میں کرفیو میں نرمی دے دی گئی ہے۔ اس دوران لوگ اپنی ضرورت کا سامان خرید سکیں گے۔
سحرنیوز/ ہندوستان: میڈیا ذرائع کی رپورٹ کے مطابق ریاست اتراکھنڈ کے شہر ہلدوانی میں 8 فروری کو ہونے والے فساد کے بعد نافذ کرفیو میں آج جمعرات کو نرمی کا اعلان کیا گیا ہے۔
رپورٹ کے مطابق نینی تال کی ڈی ایم وندنا سنگھ نے فسادات سے متاثرہ علاقے میں کرفیو میں نرمی کا حکم دیا ہے تاکہ لوگ اپنی روزمرہ کی ضروریات کا سامان خرید سکیں۔ اس عرصے میں اشیائے ضروریہ کی فراہمی کے لیے دکانیں اور کاروباری ادارے کھولنے کی اجازت دی گئی ہے۔
ڈی ایم کے حکم کے تحت، گوجاجلی کے ایف سی آئی گودام کمپلیکس، بنبھول پورہ علاقے کے ریلوے بازار میں آج صبح 9 بجے سے شام 4 بجے تک نرمی دی گئی ہے۔ اس کے علاوہ بنبھول پورہ تھانہ علاقہ میں کرفیو میں دو گھنٹے صبح 9 سے 11 بجے تک کی نرمی کا اعلان کیا گیا۔
تاہم اس درمیان انٹرنیٹ سروس مکمل طور پر بند رہے گی۔ انتظامیہ کی جانب سے دکانوں کو ضروری سامان بھی فراہم کیا جائے گا۔
حکم نامے کے مطابق کرفیو والے علاقوں میں رہنے والے طلبا کو بورڈ یا یونیورسٹی کے امتحانات یا مسابقتی امتحانات کے ایڈمٹ کارڈ دکھانے کے بعد امتحانی مدت کے دوران باہر جانے کی اجازت ہوگی۔
واضح رہے کہ 8 فروری کو ہلدوانی میں انتظامیہ نے پولیس کی مدد سے مبینہ غیر قانونی مدرسے منہدم کردیا تھا جس کے بعد علاقے میں فساد پھوٹ پڑا تھا اور پانچ افراد مارے گئے تھے۔ فساد میں زخمی ہونے والا ایک شخص محمد اسرار منگل کو چل بسا جس کے بعد ہلدوانی فساد میں مارے گئے افراد کی تعداد 6 ہوگئی ہے۔