Feb ۱۵, ۲۰۲۴ ۲۱:۰۴ Asia/Tehran
  • ہندوستان: کسان دہلی کے غازی پور بارڈر تک پہنچ گئے، ہریانہ کی سب سے بڑی کسان تنظیم نے کیا حمایت کا اعلان

ہندوستان میں اپنے مطالبات کے لئے احتجاج کر رہے کسان دہلی کے غازی پور بارڈر تک پہنچ گئے ہیں اور ان کو ہریانہ کی سب سے بڑی کسان تنظیم کی حمایت بھی حاصل ہوگئی ہے۔

سحرنیوز/ ہندوستان: دہلی سے موصولہ اطلاعات کے مطابق کسانوں کے "دہلی چلو" مارچ کے درمیان احتجاجی کسان دہلی کے غازی پور بارڈر تک پہنچ گئے اور ہریانہ کی سب سے بڑی کسان تنظیم بھارتیہ کسان یونین (چڈھونی گروپ) نے کسانوں کے دہلی مارچ کی نہ صرف حمایت کا اعلان کیا ہے بلکہ 17 فروری کو تحصیل سطح پر ٹریکٹر مارچ بھی نکالنے کا فیصلہ کیا ہے۔

اس سے پہلے یہ کسان تنظیم کسانوں کے دہلی چلو مارچ سے خود کو علیٰحدہ رکھے ہوئے تھی۔ اب اس کے کھل کر میدان میں آنے سے تحریک چلا رہے کسانوں کو مضبوطی حاصل ہوگی۔

دوسری جانب ایک خبر یہ بھی ہے کہ اترپردیش سے بھی بڑی تعداد میں کسان دہلی مارچ کے لیے نکل پڑے ہیں حالانکہ پولیس نے راستے میں انہیں روک دیا اور کچھ کسانوں کو بس میں بھر کر لے گئی۔ باقی کسان پورے عزم کے ساتھ دہلی کے غازی پور بارڈر تک پہنچ گئے۔ یہ کسان اپنے ساتھ گیس سلینڈر اور کھانے پینے کی ضروری اشیا بھی ساتھ لائے ہیں۔

دریں اثنا کسانوں کا احتجاج آج تیسرے روز بھی جاری رہا۔ کسانوں کی ایک بڑی تعداد ہریانہ پنجاب سرحدوں پر کھڑی ہے۔ دہلی سے متصل ہریانہ اور یوپی کی سرحدوں پر پولیس کی سخت نگرانی ہے۔ مشتعل کسانوں کو روکنے کے لیے پولیس نے کئی سطحوں پر مشتمل رکاوٹیں کھڑی کر رکھی ہیں۔ کسانوں کی تحریک کو ختم کرنے کے لیے حکومت نے کئی بار بات چیت کی ہے لیکن اب تک اس میں کوئی کامیابی حاصل نہیں ہوئی ہے۔

ٹیگس