Feb ۱۷, ۲۰۲۴ ۱۵:۳۶ Asia/Tehran
  • ہندوستان: تمل ناڈو کی پٹاخہ فیکٹری میں زوردار دھماکہ، 10 افراد ہلاک

ہندوستان کی ریاست تمل ناڈو سے ایک پٹاخہ فیکٹری میں زوردار دھماکہ ہونے کی خبر ہے جس میں 5 خواتین سمیت 10 افراد ہلاک ہوگئے۔

سحرنیوز/ ہندوستان: ہندوستانی میڈیا رپورٹ کے مطابق جنوبی ریاست تمل ناڈو کے ورودھو نگر ضلع میں واقع ایک پٹاخہ فیکٹری میں  ہفتے کو دوپہر کے وقت ایک زوردار دھماکہ ہوا جس میں کم از کم 10 افراد کی موت ہوگئی اور 8 افراد زخمی ہوئے ہیں۔ ہلاک شدگان میں 5 خواتین بھی شامل ہیں۔ بعض ذرائع کے مطابق مرنے والوں کی تعداد 9 ہے۔ میڈیا رپورٹوں کے مطابق ضلع "ورودھو نگر" میں "ویمباکوٹئی" کے پاس "رامو دیون پٹی" میں واقع پٹاخہ فیکٹری چل رہی تھی جو دھماکہ ہونے کے بعد ملبے کے ڈھیر میں تبدیل ہو گئی۔

تقریباً 8 افراد اس حادثے میں زخمی بھی ہوئے ہیں جن میں 4 کی حالت نازک بتائی گئی ہے۔ دھماکے کے بعد فیکٹری میں اگ لگ گئی لیکن بڑی محنت مشقت کے بعد آگ پر قابو پا لیا گیا۔ پولیس نے معاملہ درج کرکے تحقیقات شروع کر دی ہیں۔

اطلاعات کے مطابق پٹاخہ فیکٹری میں 74 کمرے ہیں اور سینٹرل پٹرولیم اینڈ ایکسپلوزن ڈپارٹمنٹ کی طرف اسے لائسنس بھی حاصل ہے۔ دھماکے سے 4 کمرے پوری طرح تباہ ہوگئے ہیں۔ اس فیکٹری میں 150 سے زائد ملازمین کام کرتے ہیں۔ فیکٹری میں روزانہ کی طرح مزدور پٹاخے بنانے میں مصروف تھے کہ زوردار دھماکہ ہوگیا۔

ٹیگس