Feb ۱۷, ۲۰۲۴ ۱۸:۱۶ Asia/Tehran
  • ہندوستان: ہلدوانی فساد، فیکٹ فائنڈنگ ٹیم کی طرف سے پولیس کی بریرت کا انکشاف

ایسوسی ایشن فار پروٹیکشن آف سول رائٹس (اے پی سی آر) نے ایک رپورٹ جاری کی ہے جس میں پولیس کی چھاپے ماری، توڑ پھوڑ اور خواتین کے ساتھ مار پیٹ کا بھی انکشاف کیا گیا ہے۔

سحر نیوز/ ہندوستان: دہلی سے میڈیا رپورٹ کے مطابق انسانی حقوق کے لئے کام کرنے والی فیکٹ فائنڈنگ ٹیم نے حال ہی میں ریاست اتراکھنڈ کے فساد زدہ ہلدوانی شہر کا دورہ کیا ہے۔ اس ٹیم نے ہلدوانی شہر کا دورہ کرنے کے بعد دہلی کے پریس کلب میں ایک رپورٹ جاری کی۔

رپورٹ کے مطابق فیکٹ فائنڈنگ ٹیم نے ہلدوانی کے دورے کے دوران جو مشاہدہ کیا اس سے پولیس کے جبر کا انکشاف ہوا ہے۔ کرفیو اور پولیس کی بربریت کی وجہ سے یومیہ اجرت کمانے والوں کو درپیش بڑی مشکلات اور مصائب کا بھی رپورٹ میں ذکر کیا گیا ہے۔

"انڈیا ٹو مارو" کی رپورٹ کے مطابق ایسوسی ایشن فار پروٹیکشن آف سول رائٹس (اے پی سی آر) کی فیکٹ فائنڈنگ ٹیم نے 14فروری کو ہلدوانی کا دورہ کیا تھا اور گزشتہ 8 فروری کو ہلدوانی کے بنبھول پورہ علاقے میں ہونے والے پرتشدد واقعات سے متعلق اپنی عبوری رپورٹ جاری کی۔ یہ رپورٹ پریس کلب آف انڈیا، نئی دہلی میں جاری کی گئی۔

اپنی عبوری رپورٹ میں، ٹیم کے ارکان نے کہا کہ چونکہ تشدد سے متاثرہ افراد کرفیو کی زد میں ہیں، اس لیے ان کے لیے متاثرہ افراد سے براہ راست ملاقات اور بات کرنا ممکن نہیں تھا۔ لہذا عبوری رپورٹ سول سوسائٹی کے ارکان، صحافیوں، مصنفین اور وکلا کی ایک بڑی تعداد سے بات چیت پر مبنی  ہے۔

انہوں نے کہا کہ کچھ متاثرہ افراد سے ٹیلی فون پر بات چیت بھی ہوئی جنہوں نے نام ظاہر نہ کرنے کی شرط پر ان سے بات کی۔ ٹیم نے ضلعی انتظامیہ کے ارکان سے بھی رابطہ کرنے کی کوشش کی تاہم انہوں نے یا تو کوئی جواب نہیں دیا یا انہیں بتایا کہ وہ بہت مصروف ہیں اس لیے ٹیم سے ملاقات نہیں کر سکے۔

فیکٹ فائنڈنگ ٹیم کے مطابق بنبھول پورہ، ہلدوانی میں گزشتہ 8 فروری  کو جو فساد ہوا وہ اچانک نہیں ہوا تھا بلکہ یہ حالیہ برسوں میں ریاست اتراکھنڈ میں فرقہ وارانہ کشیدگی میں مسلسل اضافے کا نتیجہ ہے۔

ٹیگس