Feb ۱۹, ۲۰۲۴ ۱۵:۱۷ Asia/Tehran
  • دہلی کی جانب کسانوں کا مارچ 2 روز کیلئے موخر

ہندوستان میں کسان رہنماؤں اور حکومت کے درمیان مذاکرات کے چوتھے دور میں کچھ باتوں پر اتفاق ہوگيا ہے جس کے بعد کسانوں نے دو روز کے لئے اپنا مارچ روک دیا ہے۔

سحر نیوز/ ہندوستان: ہندوستانی میڈيا کے مطابق کسان رہنما سرون سنگھ پنڈھر نے بتایا کہ مرکزی حکومت نے ایم، ایس، پی پر، پانچ سالہ منصوبے سمیت کچھ اور منصوبے متعارف کروائے ہیں۔

فی الحال کسان رہنماؤں نے دو دن کا وقت مانگا ہے۔ بات چیت کا چوتھا دور اتوار کو کسان رہنماؤں اور مرکزی حکومت کے تین وزراء ،ارجن منڈا، پیوش گوئل اور نتیا نند رائے، کے درمیان ہوا۔ رات گئے تک جاری رہنے والی اس ملاقات میں دونوں فریقوں نے کئی باتوں پر اتفاق کیا۔ پنجاب کسان مزدور سنگھرش سمیتی کے جنرل سکریٹری سرون سنگھ نے کہا کہ میٹنگ کے دوران مرکزی حکومت نے ایم ایس پی پر پانچ سالہ منصوبہ سمیت کچھ اور منصوبے پیش کیے، جس کے بعد کسانوں نے فی الحال 'دہلی چلو' مارچ پر روک دی ہے۔ سرون سنگھ پنڈھیر نے کہا کہ فی الحال کسان رہنماؤں نے دو دن کا وقت مانگا ہے۔ ہم ایک دوسرے سے بات کریں گے۔ اگر ہمارے درمیان اتفاق رائے ہو گیا تو ہم تحریک واپس لے لیں گے۔ اگر کوئی معاہدہ نہیں ہوا تو ہم اکیس فروری کو دہلی کی طرف مارچ کریں گے۔

ٹیگس