Feb ۲۰, ۲۰۲۴ ۱۴:۴۷ Asia/Tehran
  • ہندوستان: کسانوں اور حکومت کے درمیان چوتھے دور کی بات چیت بھی بے نتیجہ، بدھ کو

ہندوستان میں مرکزی حکومت اور احتجاج کر رہے کسانوں کے درمیان چوتھے دور کی بات چیت کا بھی کوئی نتیجہ نہیں نکل سکا لہذا کسانوں نے بدھ 21 فروری کو پھر "دہلی چلو" مارچ کا اعلان کردیا ہے۔

سحرنیوز/ ہندوستان: ہندوستانی میڈیا ذرائع کے مطابق مرکزی حکومت کے نمائندوں اور کسانوں کے درمیان چوتھے دور کی بات چیت بھی ناکام ہوگئی ہے لہذا کسانوں نے "دہلی چلو" مارچ کو دو دن روکنے کے بعد بدھ سے پھر مارچ شروع کرنے کا اعلان کیا ہے۔

اتوار کی رات کو کافی دیر تک کسان رہنماؤں اور تین مرکزی وزرا کے درمیان چوتھے دور کی بات چیت جاری رہی تھی جس میں کچھ پیش رفت کی اطلاعات ملی تھیں۔ اس پیش رفت کے نتیجے میں کسانوں نے مارچ دو دن کے لئے معطل کردیا تھا لیکن بات چیت ختم ہونے پر کوئی نتیجہ برآمد نہیں ہوا تو کسانوں نے بھی اپنا مارچ 21 فروری سے دوبارہ شروع کرنے کا اعلان کردیا ہے۔  

چوتھے دور کی بات چیت میں حکومت نے 5 فصلوں کے لیے 5 سال کے لیے ایم ایس پی پر گارنٹی دینے کی تجویز پیش کی، جسے کسانوں نے ٹھکرا دیا اور اب 21 فروری کو "دہلی چلو" مارچ کا سلسلہ جاری رکھیں گے۔

حکومت نے اپنی تجویز میں کہا تھا کہ حکومت پانچ سال تک مکئی، تور، ارہر، اُڑد اور کپاس کی فصلوں کو ایم ایس پی پر خریدے گی۔ این سی سی ایف اور این اے ایف ای ڈی جیسی کوآپریٹو سوسائٹیاں کسانوں کے ساتھ معاہدے کریں گی۔ خریداری پر کوئی حد نہیں ہوگی اور جلد ہی ایک پورٹل تیار ہو جائے گا۔

کسان تحریک کی قیادت کرنے والے سنیکت کسان مورچہ (ایس کے ایم) نے پیر کو حکومت کی تجویز کو مسترد کرتے ہوئے کہا کہ اس کے ذریعے کسانوں کے ایم ایس پی کے مطالبے کو کمزور کرنے کی کوشش کی گئی اور وہ سوامی ناتھن کمیشن کی رپورٹ میں تجویز کردہ ایم ایس پی کے لیے 'سی-2 پلس 50 فیصد' فارمولے سے کم کچھ بھی قبول نہیں کریں گے۔

واضح رہے کہ کسانوں اور حکومت کے درمیان بات چیت کا مسئلہ صرف ایم ایس پی پر اٹکا ہوا ہے۔ حکومت کو لگتا ہے کہ اگر کسانوں کے مطالبات مانے جائیں گے تو سرکاری خزانے پر تقریباً 10 لاکھ کروڑ روپے کا بوجھ پڑے گا جبکہ کسانوں کا ماننا ہے کہ ان کی کھیتی تاجروں کے ہاتھ دینے کی تیاری کی جا رہی ہے۔ عام طور پر ایم ایس پی فصل کی پیداوار کی لاگت سے 30 فیصد زیادہ ہوتی ہے لیکن کسانوں کا مطالبہ ہے کہ اس میں اضافہ کیا جائے۔

ٹیگس