Feb ۲۸, ۲۰۲۴ ۱۶:۴۴ Asia/Tehran
  • ہندوستان: اب اکھلیش یادو کو بلایا سی بی آئی نے

ہندوستان کے مرکزی تفتیشی ادارے، سی بی آئی، نے اترپردیش کے سابق وزیر اعلیٰ اور سماجوادی پارٹی کے صدر اکھلیش یادو کو پوچھ گچھ کے لئے سمن بھیج کر بلایا ہے۔

سحرنیوز/ ہندوستان: دہلی سے موصولہ رپورٹ کے مطابق سی بی آئی نے کیس درج کرنے کے 5 سال بعد اکھلیش یادو کو 29 فروری کو بطور گواہ پیش ہونے کے لئے بلایا ہے۔ مبینہ غیر قانونی کان کنی کے اس کیس کا تعلق اترپردیش میں اکھلیش یادو کے دور حکومت سے ہے جب وہ ریاست کے وزیر اعلیٰ تھے۔ سی بی آئی نے مبینہ غیرقانونی کان کنی کا کیس سنہ 2019 میں درج کیا تھا۔

قابل ذکر ہے کہ سنہ 2012 – 2016 کے درمیان جب اکھلیش یادو اترپردیش کے وزیر اعلیٰ تھے تو کان کنی کا محکمہ بھی انہیں کے پاس تھا۔ اس وقت غیر قانونی کان کنی کے مبینہ اسکینڈل کا انکشاف ہوا تھا۔ اس کے بعد الہ آباد ہائی کورٹ کے حکم پر تحقیقات شروع ہوئی تھیں۔

یہ معاملہ ای ٹینڈرنگ کے عمل کی مبینہ خلاف ورزی کرتے ہوئے کان کنی کے لیز جاری کرنے سے متعلق ہے۔ الزام یہ ہے کہ سنہ 2012 - 16 کے دوران، جب اکھلیش یادو وزیر اعلیٰ تھے، کان کنی پر نیشنل گرین ٹریبونل کی طرف سے پابندی کے باوجود غیر قانونی کان کنی اور غیر قانونی طور پر لائسنس کی تجدید کی اجازت دی گئی۔ یہ بھی الزام ہے کہ اہلکاروں نے معدنیات کی چوری کی اجازت دی اور لیز ہولڈزر اور ڈرائیوروں سے پیسے لئے۔

اب سی بی آئی نے اسی کیس میں سماج وادی لیڈر اکھلیش یادو کو بطور گواہ پوچھ گچھ کے لئے اپنے دہلی کے دفتر میں بلایا ہے۔

ٹیگس