Mar ۰۴, ۲۰۲۴ ۱۹:۴۴ Asia/Tehran
  • ہندوستان: کسانوں کی تحریک پھر فعال، 10 مارچ کو ریل روکو مہم کا اعلان

ہندوستان میں 13 فروری سے شروع ہونے والی "دہلی چلو" کسانوں کی تحریک کچھ دن کے وقفے کے بعد ایک بار پھر فعال ہوگئی ہے اور 10 مارچ کو پورے ملک میں ریل روکو مہم چلانے کا اعلان کیا گیا ہے۔

سحرنیوز/ ہندوستان: میڈیا رپورٹوں کے مطابق کسان لیڈر جگجیت ڈلیوال نے کہا ہے کہ "ہم نے طے کیا ہے کہ 6 مارچ کو پورے ملک سے ہمارے لوگ ریل، بس اور ہوائی راستہ سے دہلی آئیں گے اور 10 مارچ کو دوپہر 12 بجے سے شام 4 بجے تک ریل روکو مہم چلائی جائے گی۔" کسان رہنماؤں نے احتجاجی مظاہرے کے لئے 6 مارچ کو دہلی پہنچنے کی تمام کسانوں سے اپیل کی۔  

انہوں نے کہا کہ کسانوں کی "دہلی چلو تحریک" کچھ دن کے لیے ملتوی ضرور ہوئی لیکن اب اس تحریک کو تیز کیا جا رہا ہے۔ کسان لیڈر جگجیت سنگھ ڈلیوال اور سرون سنگھ پنڈھیر نے ایک بیان میں کہا کہ "ہمارا دہلی چلو مارچ ختم نہیں ہوا ہے۔ مطالبات مانے جانے تک ہمارا احتجاج جاری رہے گا۔" کسان لیڈروں نے صوبہ پنجاب کے ضلع بھٹنڈا میں واقع بلوہ گاؤں میں پریس کانفرنس کی تھی۔

جگجیت سنگھ ڈلیوال نے کہا کہ "میں صاف کر دینا چاہتا ہوں کہ دہلی جانے کا پروگرام ختم نہیں ہوا ہے۔ ہم اس سے پیچھے نہیں ہٹے ہیں۔ مرکزی حکومت کو گھٹنوں پر لانے کے لیے ہم نے پالیسی طے کی ہے۔ ہم جن بارڈرس پر بیٹھے ہوئے ہیں، وہاں تعداد بڑھائیں گے اور دوسرے بارڈرس پر بھی کسانوں کو لانے کی کوشش کریں گے۔"

ٹیگس