Mar ۰۶, ۲۰۲۴ ۱۱:۲۶ Asia/Tehran
  • لکھنؤ میں سلینڈر دھماکہ ، پانچ افراد جاں بحق، چار کی حالت تشویشناک

ہندوستان کی ریاست اترپردیش کے صدر مقام لکھنؤ میں ایک گھر میں سلینڈر کے دھماکے میں پانچ افراد جاں بحق ہوگئے۔

سحرنیوز/ ہندوستان: موصولہ رپورٹ کے مطابق اتر پردیش کے صدر مقام لکھنؤ میں ایک گھر میں سلینڈر کا زوردار دھماکہ ہوا جس کی زد میں اس گھر کے نو افراد آگئے۔ متاثرین کو اسپتال لے جایا گیا جہاں پانچ لوگوں کی موت ہو گئی اور چار کی حالت تشویشناک ہے۔ فائر بریگیڈ  کے اہلکاروں نے جائے حادثہ پر پہنچ کر کافی مشقت کے بعد آگ پر قابو پالیا۔ یہ حادثہ لکھنؤ کے کاکوری کے ہاتا حضرت صاحب میں پیش آیا ہے۔

یہاں رہنے والے مشیر علی ، زردوزی کا کام کرتے تھے، جن کے گھر میں گیس سلینڈر رکھے ہوئے تھے۔ کسی طرح اچانک گھر میں آگ لگ گئی اور سلینڈر زوردار دھماکے کے ساتھ پھٹ گیا جس میں مشیر اور ان کے خاندان کے نو افراد بری طرح جھلس گئے۔ دھماکہ ہوتے ہی پورے علاقے میں خوف وہراس پھیل گیا۔ فوری طور پر فائر بریگیڈ اور پولیس کو اطلاع دی گئی۔ فائر بریگیڈ کی ٹیم نے موقع پر پہنچ کر آگ پر قابو پالیا۔

پولیس کا کہنا ہے کہ ابتدائی طور پر معاملہ شارٹ سرکٹ کا لگتا ہے جس کی وجہ سے گھر میں رکھے سلینڈر پھٹ گئے۔ فی الحال حادثے کی تفتیش کی جا رہی ہے۔

 

ٹیگس