Mar ۱۶, ۲۰۲۴ ۱۶:۲۷ Asia/Tehran
  • ہندوستان: پارلیمانی انتخابات کی تاریخوں کا اعلان، 19 اپریل سے یکم جون تک 7 مراحل میں ووٹنگ، ووٹوں کی گنتی 4 جون کو

ہندوستان کے انتخابی کمیشن نے آج ہفتے کو ملک میں ہونے والے پارلیمانی انتخابات کی تاریخوں کا اعلان کردیا ہے۔ شیڈول کے مطابق انتخابات 19 اپریل سے یکم جون تک 7 مراحل میں انجام پائیں گے اور ووٹوں کی گنتی 4 جون کو ہوگی۔

سحرنیوز/ ہندوستان: دہلی سے موصولہ رپورٹ کے مطابق ہندوستانی انتخابی کمیشن نے لوک سبھا (پارلیمانی) انتخابات 2024 کی تاریخوں کا اعلان کر دیا۔ دہلی کے وگیان بھون میں دونوں الیکشن کمشنروں کی موجودگی میں چیف الیکشن کمشنر راجیو کمار نے پریس کانفرنس سے خطاب کیا اور انتخابات سے متعلق اعداد و شمار اور دیگر ضروری معلومات فراہم کیں۔

پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے راجیو کمار نے بتایا کہ عام انتخابات 7 مراحل میں ہوں گے اور پہلے مرحلے کے لیے 19 اپریل کو اور یکم جون کو ووٹنگ کا آخری مرحلہ ہوگا۔ ووٹوں کی گنتی 4 جون کو ہوگی اور اسی دن نتائج کا اعلان کر دیا جائے گا، 6 جون کو 18 ویں پارلیمنٹ کے انتخابات کا عمل مکمل ہوجائے گا۔ 17ویں لوک سبھا (پارلیمنٹ) کی مدت 16 جون 2024 کو ختم ہو جائے گی۔

واضح رہے کہ 18 ویں لوک سبھا کے انتخابات کی تاریخوں کے اعلان کے ساتھ ہی انتخابی ضابطہ اخلاق بھی نافذ ہوگیا ہے۔

انتخابی کمیشن نے بتایا کہ انتخابات کا پہلا مرحلہ 19 اپریل کو، دوسرا 26 اپریل، تیسرا مرحلہ 7 مئی، چوتھا مرحلہ 13 مئی، پانچواں مرحلہ 20 مئی، چھٹا مرحلہ 25 مئی اور یکم جون کو ساتواں اور آخری مرحلہ انجام پائے گا۔ پہلے مرحلے میں سب سے زیادہ 102 نشستوں کے لئے اور آخری مرحلے میں سب سے کم 57 نشستوں کے لئے ووٹ ڈالے جائیں گے۔

چیف الیکشن کمشنر راجیو کمار نے بتایا کہ اٹھارہویں پارلیمنٹ کے لئے 97 کروڑ کے قریب شہری ووٹ ڈالنے کے مجاز ہیں اور ایک کروڑ اور 82 لاکھ رائے دہندگان پہلی بار اپنا حق رائے دہی استعمال کریں گے۔ تقریباً 10 لاکھ پچاس ہزار پولنگ اسٹیشن بنائے جائیں گے جبکہ اس بار نوجوان ووٹروں کی تعداد 21 کروڑ پچاس لاکھ ہوگی۔

 

 

ٹیگس