Mar ۱۸, ۲۰۲۴ ۱۵:۳۹ Asia/Tehran
  • ہندوستان: وزیر اعظم مودی کی تصاویر عوامی مقامات سے ہٹائی جائیں، الیکشن کمیشن کو نوٹس

ہندوستان کی ریاست مہاراشٹر میں الیکشن کمیشن کو نوٹس بھیج کر عوامی مقامات سے وزیر اعظم نریندر مودی کی تصاویر ہٹانے کا مطالبہ کیا گیا ہے۔

سحرنیوز/ ہندوستان: میڈیا رپورٹوں کے مطابق ہندوستان کی ریاست مہاراشٹر میں ایک سینیئر وکیل سرودے اور ماہر ماحولیات چودھری نے الیکشن کمیشن کو بھیجے گئے قانونی نوٹس میں کہا ہے کہ آزادانہ اور منصفانہ انتخابی مہم کو یقینی بنانے کے لیے وزیر اعظم نریندر مودی کی تصویریں عوامی مقامات سے ہٹائی جائیں۔ انہوں نے سرکاری اور نیم سرکاری مقامات سے وزیر اعظم نریندر مودی کی تصاویر ہٹانے کا مطالبہ کیا ہے۔

نوٹس میں الیکشن کمیشن سے کہا گیا ہے کہ وہ تمام سرکاری اور نیم سرکاری اداروں کو دفاتر، ہوائی اڈوں، ہوائی جہازوں، ریلوے اسٹیشنوں، ٹرینوں، میٹرو، بس اسٹیشنوں اور بس اسٹاپوں سے وزیر اعظم کی تصاویر ہٹانے کی ہدایت کرے۔

واضح رہے کہ الیکشن کمیشن کے پروگرام کے مطابق پارلیمانی انتخابات کے ساتھ ساتھ 4 ریاستوں میں اسمبلی انتخابات بھی ہونے ہیں اور 26 مختلف سیٹوں پر ضمنی انتخابات بھی ہوں گے۔ غور طلب ہے کہ ملک میں انتخابات کی تاریخوں کے اعلان کے ساتھ ہی انتخابی ضابطۂ اخلاق نافذ ہو گیا ہے۔

ضابطۂ اخلاق کی پابندی کے لیے شہری اور دیہی علاقوں میں پارٹیوں اور امیدواروں کے بینروں اور پوسٹروں کو ہٹانے کا عمل شروع کر دیا گیا ہے۔

ٹیگس