Mar ۲۱, ۲۰۲۴ ۱۵:۱۲ Asia/Tehran
  • حکومت پر انتخابات کے قریب حزب اختلاف کی جماعتوں کے بینک کھاتے بند کرنے کا الزام

ہندوستان میں کانگریس پارٹی نے حکومت پر پارلیمانی انتخابات کے قریب حزب اختلاف کی جماعتوں کے بینک کھاتے بند کرنے کا الزام لگایا ہے۔

سحر نیوز/ ہندوستان: نئی دہلی سے موصولہ رپورٹ کے مطابق کانگریس صدر ملک ارجن کھڑگے، کاںگریس پارلیمانی پارٹی کی لیڈر سونیا گاندھی ، پارٹی کے خزانچی اجے ماکن اور پارٹی کے سابق صدر راہل گاندھی نے ایک مشترکہ پریس کانفرنس میں کہا ہے کہ پارٹی کے بینک کھاتوں کو انکم ٹیکس جمع نہ کرنے کے الزام ميں سیل کردیا گیا ہے۔

کانگریسی رہنماؤں نے کہا ہے کہ انتخابات کے قریب پارٹی کے بینک کھاتے بند کردیئے جانے سے انتخابی مہم چلانا مشکل ہوگیا ہے۔

کانگریس صدر ملک ارجن کھڑگے نے مرکزی حکومت پر الزام لگایا کہ ایک سوچی سمجھی سازش کے تحت انتخابات کے قریب بینک کے کھاتوں کو مسدود کیا گیا ہے تاکہ یہ پارٹی انتخابات میں حصہ نہ لے سکے۔

انھوں نے کہا کہ جمہوریت کے لئے انتخابات ضروری ہیں اور انتخابات سبھی سیاسی جماعتوں کے لئے تشہیراتی اور انتخابی مہم چلانے کی یکساں سہولتیں ضروری ہیں۔

کانگریس صدر نے کہا کہ ہماری جماعت کے کھاتے منجمد کردیئے گئے ہیں تاکہ ہم برابری کی بنیاد پرالیکشن نہ لڑسکیں۔ کانگریس پارلیمانی پارٹی کی لیڈر سونیا گاندھی نے پارٹی کے بینک کھاتے منجمد کئے جانے کو حکومت کی ایک منصوبہ بند سازش قرار دیا ہے۔

ٹیگس