کیجریوال جیل سے حکومت چلائيں گے، عام آدمی پارٹی
دہلی کے وزیر اعلی اروند کیجریوال عہدے سے استعفی نہیں دیں گے بلکہ جیل سے حکومت چلائيں گے۔
سحرنیوز/ہندوستان: اس بات کا اعلان عام آدمی پارٹی کی سینیئر رہنما اور کابینی وزیر آتشی نے جمعرات کی رات کیجریوال کی گرفتاری کے بعد کیا ہے۔ انہوں نے کہا ہے کہ یہ بات واضح ہے کہ مسٹر کیجریوال دہلی کے وزیر اعلی ہیں اور وہ جیل کے اندر سے ہی حکومت چلائیں گے۔
انہوں نے بتایا کہ پارٹی نے ان کی گرفتاری کو سپریم کورٹ میں چیلنج کردیا ہے۔عام آدمی پارٹی نے کہا ہے کہ مسٹر کیجریوال مودی حکومت سے ڈرنے والے نہیں ہیں، انہوں نے ملک کو مودی کی تاناشاہی حکومت سے آزاد کرانے کے لئے سر سے کفن باندھ رکھا ہے۔
یاد رہے کہ دہلی کے وزیر اعلی اروند کیجریوال کو ایکسائز پالیسی میں مبینہ گھوٹالے کے الزام میں جمعرات کی رات گرفتار کرلیا گیا ہے۔ انہیں ہندوستان کے انفورسمنٹ ڈائریکٹوریٹ نے جمعرات کی رات ان کی رہائشگاہ پر دو گھنٹے تک پوچھ گچھ کے بعد گرفتار کیا ہے۔ عام آدمی پارٹی نے جمعرات کی رات ہی ان کی گرفتاری کے خلاف سپریم کورٹ میں اپیل دائر کردی اور تیزی سے سماعت کی درخواست کی ہے۔