Mar ۲۲, ۲۰۲۴ ۱۶:۰۷ Asia/Tehran
  • ہندوستان: سینیئر صحافی ظفر آغا کو دہلی کے حوض رانی قبرستان میں سپرد خاک کردیا گیا، آج صبح ان کا انتقال ہوگیا تھا۔

ہندوستان کے معروف اور سینیئر صحافی ظفر آغا کو آج جمعہ کو شام تقریباً 4 بجے دہلی کے حوض رانی قبرستان میں سینکڑوں غمزدہ افراد کی موجودگی میں سپردِ خاک کردیا گیا۔

سحرنیوز/ ہندوستان: میڈیا ذرائع کے مطابق آج جمعہ کو صبح تقریباً ساڑھے پانچ بجے ایمس (دہلی) میں ظفر آغا کا انتقال ہوگیا تھا جس کے بعد ان کا جسد خاکی درگاہ شاہ مرداں، جور باغ، لے جایا گیا۔ وہاں نمازِ جمعہ کے بعد نمازِ جنازہ پڑھائی گئی اور پھر انھیں تدفین کے لیے پریس انکلیو، ساکیت سے متصل حوض رانی قبرستان لے جایا گیا۔

تقریباً 4 بجے ظفر آغا کے جسد خاکی کو سپردِ خاک کیا گیا اور وہاں موجود کئی مشہور و معزز شخصیات نے انھیں مٹی دی۔ تدفین میں شریک سبھی افراد نے ظفر آغا کے بھائی قمر آغا اور بیٹے مونس آغا سے اظہارِ تعزیت کیا اور تمام پسماندگان کے لئے صبر جمیل کی دعا بھی کی۔ ظفر آغا کی عمر 70 سال تھی۔

ظفر آغا کے انتقال کی خبر آج صبح جیسے ہی پھیلی، تعزیتوں کا سلسلہ شروع ہو گیا اور کئی اہم سیاسی و سماجی شخصیات نے ان کے انتقال کو صحافتی دنیا کا بڑا خسارہ قرار دیا ہے۔ کانگریس کے سابق صدر راہل گاندھی نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ’ایکس‘ پر کیے گئے اپنے پوسٹ میں لکھا ہے کہ "تجربہ کار صحافی، کالم نگار اور نیشنل ہیرالڈ، نوجیون اور قومی آواز کے سابق ایڈیٹر ان چیف ظفر آغا کے انتقال کی خبر سن کر افسوس ہوا۔ وہ صحافت کی دنیا میں ایک باوقار شخصیت تھے اور بہت سے لوگوں کے لیے دوست، فلسفی، رہنما اور تحریک تھے۔ وہ ان اقدار کے لیے ثابت قدم رہے جن پر ہماری جمہوریت قائم ہے۔ میں اس مشکل وقت میں ان کے بیٹے، کنبہ اور دوستوں کے ساتھ گہری تعزیت کا اظہار کرتا ہوں۔"

ظفر آغا نے اپنے صحافتی کیریئر کا آغاز پیٹریاٹ اخبار سے کیا لیکن ان کی شہرت "انڈیا ٹوڈے" کے ساتھ کام کرنے کی وجہ سے تھی۔ ظفر آغا کا تعلق الہ آباد سے تھا۔ ای ٹی وی (اردو) پر ان کا پروگرام گفتگو اردو میں انتہائی مقبول اور سب سے زیادہ دیکھا جانے والا پروگرام تھا۔ ظفر آغا سماج کی آواز پر توجہ مرکوز کرتے رہے اور ہمیشہ قوم کے درد کو بیان کیا۔

ان کے پسماندگان میں صرف بیٹے مونس آغا ہیں، جن کی عمر 24 سال ہے۔ آغا صاحب کی اہلیہ ثمینہ رضوی کووڈ کے دوران انتقال کر گئی تھیں۔ وہ ایک سچے صحافی تھے جنہوں نے اپنے اصولوں سے کبھی سمجھوتہ نہیں کیا۔

 

ٹیگس