Mar ۲۳, ۲۰۲۴ ۲۰:۲۴ Asia/Tehran
  • ہندوستان: کیجریوال کی گرفتاری پر جرمنی کا تبصرہ، ہندوستانی وزارت خارجہ میں جرمن سفارت کار کی طلبی

مبینہ دہلی شراب اسکینڈل کیس میں دہلی کے وزیراعلیٰ کی گرفتاری پر حکومت ہند کو اندرونی اور بین الاقوامی سطح پر بھی تنقیدوں کا سامنا ہے۔ گرفتاری پر تبصرہ کرنے کی وجہ سے دہلی میں جرمن سفارت کار کو وزارت خارجہ میں طلب کرلیا گیا۔

سحرنیوز/ ہندوستان: میڈیا ذرائع کے مطابق دہلی کے وزیر اعلیٰ اروند کیجریوال کی گرفتاری پر تبصرہ کرنے کی وجہ سے دہلی میں جرمن سفارت کار کو وزارت خارجہ میں طلب کرلیا گیا۔ اس سلسلے میں ہندوستانی وزارت خارجہ نے جرمنی کے تبصرے کا نوٹس لیتے ہوئے آج ہفتے کو دہلی میں جرمنی کے ڈپٹی چیف آف مشن کو طلب کیا اور اروند کیجریوال کی گرفتاری پر جرمن وزارت خارجہ کے ریمارکس کے خلاف سخت احتجاج درج کرایا۔

وزارت خارجہ کے حکام نے جرمن سفارت کار جارج اینزویلر کو بتایا کہ کیجریوال کی گرفتاری پر جرمن وزارت خارجہ کا تبصرہ ہندوستان کے عدالتی عمل میں مداخلت ہے اور متعصبانہ مفروضات انتہائی غیر ضروری ہیں۔

واضح رہے کہ جرمنی کی وزارت خارجہ کے ترجمان نے کیجریوال کی گرفتاری کا نوٹس لیا تھا اور کہا تھا کہ "ہم ایسا مانتے ہیں اور توقع کرتے ہیں کہ عدلیہ کی آزادی اور بنیادی جمہوری اصولوں سے متعلق معیارات اس معاملے میں بھی لاگو ہوں گے۔"

وزارت خارجہ کے ترجمان رندھیر جیسوال نے کہا کہ "ہم ایسے ریمارکس کو اپنے عدالتی عمل میں مداخلت اور اپنی عدلیہ کی آزادی کو مجروح کرنے کے طور پر دیکھتے ہیں۔"

دہلی کے وزیر اعلیٰ اروند کیجریوال کو ہندوستان کی مرکزی مالی تفتیشی ایجنسی ای ڈی (اینفورسمینٹ ڈائریکٹوریٹ) نے مبینہ دہلی شراب اسکینڈل کیس میں 21 مارچ کو گرفتار کیا اور اگلے دن عدالت نے ان کو 6 دن کے لئے ای ڈی کی تحویل میں دے دیا۔

 

ٹیگس