ہندوستان: فوجی افسران کی سہولیات پر مودی حکومت کی قینچی
ہندوستان کی مودی حکومت نے اپنے فوجی افسران کی سہولیات میں کچھ کمی کردی ہے۔ اب جی پی ایف اکاؤنٹ میں صرف 5 لاکھ روپے جمع کرا سکیں گے۔
سحرنیوز/ ہندوستان: دہلی سے میڈیا ذرائع کے مطابق ایسے وقت میں کہ ہندوستان میں عام انتخابات کی سرگرمیاں جاری ہیں مرکزی حکومت نے ملک کی تینوں افواج کے افسران کی ایک خاص سہولت پر قینچی چلا دی ہے۔ پرنسپل کنٹرولر آف ڈفینس اکاؤنٹ، پی سی ڈی اے، کے ذریعہ جاری خط میں کہا گیا ہے کہ اب ڈفینس شعبے کے سبھی افسران اپنے جنرل پروویڈنٹ فنڈ (جی پی ایف) اکاؤنٹ میں ایک سال کے دوران صرف 5 پانچ لاکھ روپے ہی جمع کر سکیں گے۔ یعنی حکومت نے جی پی ایف میں پیسہ جمع کرانے سے متعلق اب حد طے کر دی ہے۔
ادھر ماہرین کا کہنا ہے کہ اس سے پہلے فوج کے سینئر افسران ہر ماہ اپنی مکمل بیسک تنخواہ کو جی پی ایف میں جمع کروا دیا کرتے تھے۔ اسی وجہ سے حکومت نے اب جی پی ایف میں جمع کرائی جانے والی رقم کی ایک حد مقرر کر دی ہے۔ حکومت ہند کے سب سے پرانے محکموں میں سے ایک ڈفینس آڈٹ ڈپارٹمنٹ (ڈی اے ڈی) کے تحت آنے والے پی سی ڈی اے (او) کے ذریعہ حال ہی میں مذکورہ حکم جاری کیا گیا ہے۔ اس ڈپارٹمنٹ کے اعلیٰ مقام پر سی جی ڈی اے (کنٹرولر جنرل آف ڈیفنس اکاؤنٹ) ہے۔ یہ محکمہ فوجی افسران کو تنخواہ، بھتے کی ناگزیر سہولت فراہم کرنے، محتاط آڈٹ کرنے اور وسیع داخلی آڈٹ کرنے میں اپنا اہم کردار نبھاتا ہے۔