میرے خلاف سیاسی سازش ہوئی ہے: اروند کیجریوال
شراب پالیسی بدعنوانی معاملے میں زیرحراست دہلی کے وزیر اعلی اروند کیجریوال کی ریمانڈ کے معاملے پر آج دہلی کی مقامی عدالت میں سماعت ہوئی ۔
سحرنیوز/ ہندوستان: دہلی کے وزیر اعلی اروند کیجریوال کو ای ڈی نے آج دہلی کی ایک مقامی عدالت میں پیش کیا جہاں ای ڈی نے ان کی ریمانڈ میں مزید توسیع کی درخواست کی جبکہ کیجریوال کے وکیل نے انہيں رہا کرنے کی اپیل کی۔ عدالت نے فریقین کے دلائل سننے کے بعد فیصلہ محفوظ کرلیا۔
عدالت میں پیشی کے موقع پر آس پاس کے علاقوں میں سیکورٹی کے انتظامات انتہائی سخت کردیئے گئے تھے اور پورا علاقہ چھاؤنی میں تبدیل ہوگيا تھا، عدالت میں پیشی کے موقع پر دہلی کے وزیر اعلی کیجریوال نے کہا کہ یہ میرے خلاف ایک سیاسی سازش ہے اور یہ لوگ ہماری جماعت عام آدمی پارٹی کو توڑنا چاہتے ہيں، انہوں نے کہا کہ جو کچھ میرے ساتھ ہو رہا ہے عوام اس کا جواب دیں گے۔
اس سے پہلے عدالت نے اس درخواست کو خارج کردیا تھا جس میں کہا گیا تھا کہ دہلی کے وزیراعلی کو برخاست کرکے صدر راج نافذ کیا جانا چاہئے ،عدالت کا کہنا تھا کہ یہ معاملہ عدالت کا نہيں بلکہ انتظامیہ کا ہے اور اس سلسلے میں دہلی کے ایل جی فیصلہ کریں۔