May ۰۴, ۲۰۲۴ ۱۶:۲۶ Asia/Tehran
  • لوک سبھا نہ صرف ہندوستانی روایات و اقدار بلکہ ملکی آئین کی حفاظت کے لیے بھی انتہائی اہم ہے: کانگریس

ہندوستان کی اپوزیشن جماعتوں نے ایک بار پھرحالیہ لوک سبھا کو نہ صرف ہندوستانی روایات و اقدار کے لیے بلکہ ملکی آئین کی حفاظت کے لیے بھی انتہائی اہم قرار دیا ہے۔

سحر نیوز/ ہندوستان: کانگریس کے سرکردہ لیڈران ملک بھر میں انتخابی تشہیر کے دوران بار بار یہ بات دہرا رہے ہیں کہ ہندوستانی آئین کی حفاظت کے لیے مرکز میں انڈیا اتحاد کی حکومت بننا بہت ضروری ہے۔

گزشتہ روز کانگریس کے صدر ملکارجن کھڑگے، رکن پارلیمنٹ راہل گاندھی اور کانگریس جنرل سکریٹری پرینکا گاندھی مختلف ریاستوں میں عوام کے درمیان یہ عزم ظاہر کرتے نظر آئے کہ وہ ہر قیمت پر آئین کی حفاظت کریں گے۔ کانگریس کے رکن پارلیمنٹ راہل گاندھی نے اپنے ایکس ہینڈل پر ایک پوسٹ ڈالی جس میں لکھا ہوا تھا کہ ہم ہر قیمت پر آئین کی حفاظت کریں گے ۔

کانگریس کے صدر ملک ارجن کھڑگے نے بھی حکمراں جماعت بی جے پی پر الزام عائد کیا کہ وہ غریبوں، پسماندہ طبقات اور قبائلیوں کے حقوق چھیننے کی کوشش کر رہی ہے ۔ ساتھ ہی انہوں نے یہ بھی کہا کہ وہ وزیراعظم نریندر مودی اور وزیر داخلہ امت شاہ پر نجی تبصرے نہیں کرتے بلکہ وہ انکے نظریات کے خلاف ہیں، کانگریس آئین کے اصولوں پر چلنے کی بات کرتی ہے۔ لیکن نریندرمودی آئین کو ختم کرنا چاہتے ہیں۔

کانگریس پارٹی کے صدر نے وزیراعظم کو آڑے ہاتھوں لیتے ہوئے کہا کہ وہ صرف نفرت پھیلانے کا کام کر رہے ہیں اور انہوں نے ملک میں امن قائم کرنے کے لئے کچھ بھی نہیں کیا۔

اُدھرعام آدمی پارٹی کے سینئر لیڈر اور ایوان بالا راجیہ سبھا کے رکن سنجے سنگھ نے ' جیل کا جواب ووٹ سے' مہم کے تحت ایک اجتماع میں دعویٰ کیا کہ یہ ملک کا آخری الیکشن ہے، اگر بی جے پی غلطی سے بھی جیت جاتی ہے تو وہ آپ کی ووٹنگ کی طاقت، بابا صاحب کا آئین اور ریزرویشن چھین لے گی ۔ انہوں نے بی جے پی اور اسکے رہنماؤں پر سخت وار کرتے ہوئے کہا کہ جو لوگ آئین کو مٹانا چاہتے ہیں انہیں ملک کے عوام مٹا دیں گے لیکن اپنے آئین کو متاثر نہیں ہونے دیں گے۔

ٹیگس