May ۱۴, ۲۰۲۴ ۱۴:۱۴ Asia/Tehran
  • ہندوستانی وزیراعظم نے وارانسی پارلیمانی حلقے سے تیسری بار پرچہ نامزدگی داخل کردیا

ہندوستان کے وزیر اعظم نریندر مودی نے منگل کو وارانسی پارلیمانی حلقہ سے بھارتیہ جنتا پارٹی کے امیدوار کے طور پر پرچہ نامزدگی داخل کردیا۔

سحرنیوز/ ہندوستان: ہندوستان کے میڈیا ذرائع کے مطابق ہندوستان کے وزیراعظم نریندر مودی، دوپہرتقریباً بارہ بجے وارانسی ڈسٹرکٹ کچہری پہنچے اور اپنا پرچہ نامزدگی داخل کیا۔ یہ تیسری بار ہے جب نریندر مودی نے وارانسی لوک سبھا سیٹ سے بی جے پی امیدوار کے طور پر اپنا پرچہ نامزدگی داخل کیا ہے۔ اس سے پہلے وہ دو ہزار چودہ اور انیس میں بھاری اکثریت سے جیت کر پارلیمنٹ پہنچے تھے۔

وزیر اعظم مودی کی ایک جھلک دیکھنے کے لیے سڑک کے دونوں طرف لوگوں کی بھیڑ جمع تھی جنہوں نے نعرے لگا کر وزیر اعظم کی حوصلہ افزائی کی۔ وزیر اعظم کے نامزدگی کے مقام پر پہنچنے سے پہلے، بی جے پی صدر جے پی نڈا، مرکزی وزیر داخلہ امت شاہ ، وزیر دفاع راج ناتھ سنگھ کے علاوہ بی جے پی کی حکمرانی والی ریاستوں کے وزرائے اعلیٰ اور بی جے پی و اتحادی جماعتوں کے سرکردہ لیڈروں اور عہدیداروں نے وہاں اپنی موجودگی درج کرائی تھی۔

قابل ذکر ہے کہ نریندر مودی پیر کو اپنے پارلیمانی حلقہ کے دو روزہ دورے پر آئے تھے اور کل دیر شام انہوں نے روڈ شو کے ذریعے کاشی کے لوگوں سے جیت کا آشیرواد طلب کیا تھا۔

ٹیگس