نئی دہلی; ایرانی سفارت خانے میں شہید ابراہیم رئیسی اور دیگر شہداء کی یاد میں تعزیتی نشست
نئی دہلی میں ایران کے سفارت خانے میں شہید صدر آیت اللہ ابراہیم رئیسی اور دیگر شہداء کی یاد میں تعزیتی نشست کا انعقاد کیا گيا-
سحرنیوز/ ہندوستان: دہلی سے ہمارے نمائندے کی رپورٹ کے مطابق اس تعزیتی نشست میں ہندوستان میں ایران کے سفیر ڈاکٹر ایرج الٰہی نے نئی دہلی میں واقع سفارتخانے میں صدر ایران آیت اللہ ابراہیم رئیسی اور وزیر خارجہ حسین امیر عبد اللہیان ودیگر شخصیات کی شہادت کی مناسبت سے ایک تعزیتی نشست میں اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ شہید صدر آیت اللہ رئیسی صدر مملکت ہونے کے باوجود عام اور سادہ زندگی گذارتے اور وہ ایک عابد ، صالح اور باعمل شخصیت تھے-
ڈاکٹر ایرج الٰہی نے بتایا کہ آیت اللہ رئیسی نے اقتصادی معاملات کو بہتر بنانے میں اہم رول اداکیا۔ وہ ہندوستان سے ایک خاص تعلق اور روابط میں دلچسپی رکھتے تھے اور مشرق وسطی کے ممالک کے درمیان روابط قائم کرنے میں بہت زیادہ کوشاں تھے اور ہم لوگ ان کے ہندوستانی دورے کے تیاریوں میں تھے جس میں وہ خود چاہتے تھے کہ سفر ایسا ہو کہ ہندوستان اور ایران کے درمیان رابطوں میں ایک نیاباب قائم ہوسکے-
اس موقع پربھارتیہ سرو دھرم سنسد کے نیشنل کنوینرگوسوامی ششیل مہاراج جی نے کہا کہ صدر ایران ابراہیم رئیسی کی شہادت پر ہمیں بہت افسوس ہے۔ ہم کل ہند مذاہب کے افراد کی جانب سے آپ کی خدمت میں تعزیت پیش کرتے ہیں۔ یہ الفاظ آپ ایران کے سپریم لیڈر محترم آیت اللہ سید علی خامنہ ای صاحب کی خدمت میں پہنچادیں ۔ ان کی موت سے نہ صرف ایران کا نقصان ہوا ہے بلکہ ہندوستان کو بھی بہت رنج وغم کا احساس ہے ہم اس مشکل گھڑی میں ایران کی عوام کے ساتھ ہیں۔
اس نشست میں ہندوستان کی ممتاز مسلم اور غیر مسلم شخصیات نے شرکت کی اور اپنے تاثرات کا اظہار کیا-