Jun ۱۷, ۲۰۲۴ ۲۰:۲۵ Asia/Tehran
  • راہل گاندھی نے ای وی ایم پر پھر اٹھائے سوال، انتخابی عمل کی شفافیت اٹھا بڑا سوال

ہندوستان کی اپوزیشن جماعت کانگریس کے لیڈر راہل گاندھی نےالیکٹرانک ووٹنگ مشین (ای وی ایم) سے چھیڑ چھاڑ کا معاملہ اٹھاتے ہوئے اُسے ملکی جمہوریت کے لیے سنگین خطرہ اور باعث تشویش قرار دیا ہے۔

سحرنیوز/ہندوستان: ہندوستان کے سرکاری خبر رسان ایجنسی یو این آئی کے مطابق راہل گاندھی نے کہا کہ ای وی ایم ایک ایسا بلیک باکس بن گیا جس کی جانچ کی اجازت کسی کو نہیں ہے اور یہی ہمارے انتخابی عمل کی شفافیت پر ایک بڑا سوال اٹھاتا ہے۔ راہل گاندھی کا مزید کہنا تھا کہ ہمارے انتخابی عمل میں شفافیت پر شدید تحفظات کا اظہار کیا جا رہا ہے۔

کانگریسی رہنما کا یہ بھی کہنا تھا کہ جب اداروں میں احتساب کا فقدان ہوجاتا ہے تو جمہوریت ایک دکھاوا بن جاتی ہے اور دھوکہ دہی کا شکار ہوجاتی ہے۔ خیال رہے کہ ہندوستان کے شہر ممبئی کے ایک حلقے سے نیشنل ڈیموکریٹک الائنس (این ڈی اے) کے امیدوار رویندر وائیکر کے رشتہ دار کا موبائل فون ای وی ایم سے منسلک ہونے کی خبر سامنے آئی تھی جس کے بعد مذکورہ شخص کے خلاف ایف آئی آر بھی درج کی گئی ہے۔

رویندر وائیکر انڈیا اتحاد کے امیدوار کے مقابلے میں صرف اڑتالیس ووٹ سے جیتے ہیں جس پر کانگریس پارٹی نے بہت سے سوالات اٹھاتے ہوئے الیکشن کمیشن سے وضاحت کا مطالبہ کیا تھا۔ اس معاملے پر اپوزیشن کی سخت نکتہ چینی کے بعد ممبئی کے ریٹرننگ افسر نے ایک پریس کانفرنس کرکے معاملے کی وضاحت پیش کی ہے اور ای وی ایم پر اٹھ رہے سوالات کو بے بنیاد بتایا۔

ٹیگس