ہندوستانی تارکین وطن اپنے ملک کے سفیر ہیں؛ اوم برلا
ہندوستان کی لوک سبھا کے اسپیکر نے کہا ہے کہ بیرون ملک رہنے والے ہندوستانی ، ہندوستان کی ترقی اور جدید کاری میں برابر کے شراکت دار ہیں-
سحرنیوز/ہندوستان: موصولہ خبروں کے مطابق لوک سبھا کے اسپیکر مسٹر اوم برلا نے جو روس کے سینٹ پیٹرزبرگ میں دسویں برکس پارلیمانی فورم کی قیادت کر رہے ہيں، ہندوستانی تارکین وطن سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ روس میں رہنے والے ہندوستانی ملک کے سفیر ہیں اور وہ اپنے کاموں، شراکت اور کامیابیوں کے ذریعہ ہندوستان کی شبیہ بہتر بناتے ہیں ۔
انہوں نے ہندوستان اور روس کے تعلقات کے بارے میں بات کرتے ہوئے کہا کہ دونوں ممالک کے تعلقات باہمی اعتماد اور احترام پر مبنی ہیں۔ ہندوستان یا روس کو جب بھی کسی چیلنج کا سامنا ہوا ہے دونوں ممالک نے ایک دوسرے کا ساتھ دیا ہے۔ ہندوستان اور روس کے درمیان ایک منفرد رشتہ رہا ہے، دوستی اور خاندان کا رشتہ ہے۔
مسٹر برلا نے کہا کہ روس خوشی اور غم میں ہندوستان کا ساتھی رہا ہے اور ہندوستان کا بھروسہ مند دوست بھی ہے۔ انہوں نے کہا کہ سیکورٹی، دفاع، تجارت، معیشت، سائنس اور ٹیکنالوجی، سیٹلائٹ نیوی گیشن اور ریموٹ سینسنگ، تعلیم اور ثقافت سمیت تقریباً ہر شعبے میں دونوں ممالک کے درمیان شراکت داری رہی ہے۔ انہوں نے ہندوستانی تارکین وطن پر زور دیا کہ وہ دونوں ممالک کے درمیان تعلقات کو مزید مضبوط کریں اور مشترکہ مفادات کو فروغ دیں۔