ہندوستان: مسافر ٹرین پٹری سے اتر گئی: 2 افراد ہلاک + ویڈیو
ہندوستان میں ایک ٹرین حادثے میں متعدد افراد کے ہلاک اور زخمی ہونے کی خبر ہے۔
سحرنیوز/ہندوستان: ہندوستانی ابلاغیاتی ذرائع کے مطابق منگل کی صبح ریاست جھارکھنڈ کے چکر دھر پور علاقے ميں ہاوڑہ ممبئی میل کے کئی ڈبے پٹری سے اترگئے۔ ابتدائی رپورٹوں میں اس حادثے میں کم سے کم دو افراد کی ہلاکت اور متعدد کے زخمی ہونے کی خبر ہے۔
ہندوستان کے ساؤتھ ایسٹرن ریلوے کے سی پی آر او اوم پرکاش چرن نے صحافیوں کو بتایا ہے کہ اس حادثے میں ہاوڑہ ممبئی میل کے 18 ڈبے پٹری سے اتر گئے۔
بعض میڈیا ذرائع نے بتایا ہے کہ اس سے قبل ایک مال گاڑی پٹری سے اتر گئی تھی جس کے کچھ ڈبے ٹریک پر ہی تھا کہ دوسری طرف سے ہاوڑہ ممبئی میل آکر ان ڈبوں سے ٹکرا گئی اور اس کے اٹھارہ ڈبے پٹری سے اتر گئے۔ ہندوستانی ریلوے کے ذرائع نے بتایا ہے کہ اس حادثے کے بعد اس روٹ پر چلنے والی ریل گاڑیوں کو روک دیا گيا ہے۔