ہندوستان میں کانوڑیوں کے ساتھ ہوا بڑا حادثہ، 9 کی ہوئی موت
ہندوستان کی ریاست بہار میں کانوڑیوں کے ایک کاروان کو المناک حادثہ پیش آیا جس نے کم از کم نو افراد کی جان لے لی۔
سحر نیوز/ہندوستان: ہندوستانی میڈیا کے مطابق بہار کے حاجی پور میں کانوڑیوں کا ایک کاروان اپنی ڈی جے ٹرالی کے ساتھ گزر رہا تھا جو وہاں موجود ایک گیارہ ہزار وولٹ کے تار سے ٹکرا گیا جس کے باعث ٹرالی میں آگ لگ گئی اور کئی کانوڑیے اس کی زد میں آگئے۔ اب تک کم از کم نو کے ہلاک ہونے کی خبر ہے جبکہ متعدد شدید زخمی بھی ہوئے ہیں۔
ذرائع نے بتایا کہ جھلسنے والے افراد کو مقامی اسپتال میں داخل کرایا گیا ہے جن کی شناخت نہیں ہوسکی ہے۔
لاشیں پوسٹ مارٹم کے لیے بھیج دی گئی ہیں۔ بتایا جاتا ہے کہ سبھی کانوڑیے پہلیجا گھاٹ سے گنگا جل لے کر بابا ہریناتھ مندر جانے والے تھے اور ساون کی تیسری سومواری پر آج پانچ اگست کو جلابھشیک کرنے کا ارادہ تھا۔
قابل ذکر ہے کہ عوامی اجتماعات اور مذہبی رسومات کے دوران بے احتیاطی ہر سال ہندوستان میں دسیوں جانیں لے لیتی ہے۔